تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 546 of 802

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 546

خطبہ جمعہ فرمودہ 14 اکتوبر 1955ء تحریک جدید - ایک الہی تحریک۔۔۔۔جلد سوم اس کے لئے مرکز کی مضبوطی کی بھی ضرورت ہے۔لیکن میں دیکھتا ہوں کہ ہمارا مرکز ابھی تک ان اصول پر آباد نہیں ، جن اصول پر دوسرے شہر آباد ہوتے ہیں۔دوسرے شہر خود اپنی ذات میں قائم ہوتے ہیں، مثلاً لائل پور ہے، سرگودھا ہے، ان شہروں میں کچھ کا رخانے ہیں اور کچھ بڑی زمینداریاں ہیں، جن کی وجہ سے وہ اپنی ذات میں قائم ہیں۔لیکن ربوہ میں نہ کارخانے ہیں اور نہ زمینداریاں ہیں۔جتنی دیر تک جماعت چندہ دیتی چلی جائے گی ، یہاں انسٹی ٹیوشنز چلتی رہیں گی ، سکول اور کالج قائم رہیں گے اور اگر خدانخواستہ جماعت چنده دینے میں سستی دکھائے تو یہ چیزیں ختم ہو جائیں گی۔ابھی ہماری جماعت میں حضرت معین الدین صاحب چشتی جیسے لوگ پیدا نہیں ہوئے ، جو کہیں چلو فاقہ ہے تو فاقہ ہی سہی۔اور نہ ہی جماعت میں ایسی عورتیں ہیں، جو فاقہ زدہ مردوں کے ساتھ نباہ کر سکیں۔بلکہ اگر کوئی مرد دین کے لئے فاقہ پر آمادہ بھی ہو جائے تو اس کی عورت فوراً کہہ اٹھے گی تو احمق ہے۔جب حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے خاندان کے بعض افراد نوکریوں کے پیچھے پھر رہے ہیں تو تو کیوں یہاں بیٹھا ہے؟ کیا تو حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کے پوتوں سے بھی زیادہ عقلمند ہے؟ بے شک ہماری جماعت میں ایسے بھی نوجوان ہیں، جو اس قسم کی بیویوں کو جواب دیں گے کہ تو شیطان ہے، جو مجھے دین کی خدمت سے روک رہی ہے۔کیا تو مجھ کوبھی جہنم میں گرانا چاہتی ہے؟ لیکن اس قسم کے نوجوان اور اس قسم کی عورتیں جماعت میں کتنی ہیں؟ اگر جماعت میں حضرت خدیجہ جیسی عورتیں ہوں، جنہوں نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو کہا تھا کہ كلا والله ما يخزیک الله ابداً۔انک لتصل الرحم وتحمل الكل و تكسب المعدوم تقرى الضيف وتعين على نوائب الحق۔( بخاری باب کیف کان بدء الوحی الی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ) یعنی آپ کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، خدا تعالیٰ آپ کو کبھی ضائع نہیں کرے گا۔آپ رشتہ داروں کے ساتھ نیک سلوک کرتے ہیں، بے کس و بے مددگار لوگوں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، وہ اخلاق، جو دنیا سے مٹ چکے ہیں ، وہ آپ کی ذات کے ذریعہ دوبارہ قائم ہورہے ہیں، مہمانوں کی مہمان نوازی کرتے ہیں اور مصیبتوں پر لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔تو یہ عارضی مصائب یقیناً دور ہو جائیں۔اور جماعت کی قربانیوں کا معیار بہت بڑھ جائے۔پچھلے دنوں مجھے ایک بڑی خوشکن خبر معلوم ہوئی ، ہمارے دفتر والے بعض دفعہ بیرونی مبلغین کو خرچ بھیجنے میں ستی کر جاتے ہیں اور باہر کام کرنے والوں پر ظلم کرتے ہیں۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بعض 546