تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 377 of 802

تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد سوم۔ 1948 تا 1964) — Page 377

تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد سوم خطبہ جمعہ فرموده 12 فروری 1954ء پس جماعت کو چاہئے کہ وہ تمام افراد کو کھینچ کر تحریک جدید میں شامل کرے خطبہ جمعہ فرمودہ 12 فروری 1954ء سورۃ فاتحہ کی تلاوت کے بعد فرمایا:۔میں پچھلے دو ہفتوں سے تحریک جدید کے متعلق خطبات دے رہا ہوں۔اس جمعہ پر بھی میں اس سلسلہ میں کچھ باتیں کہنی چاہتا ہوں۔پچھلے جمعہ میں، میں نے بتایا تھا کہ گزشتہ سال کے تحریک جدید کے وعدوں سے اس سال کے وعدوں کا فرق قریباً پچاس ہزار کا تھا۔آخری ایام میں خدا تعالیٰ کے فضل سے جماعت نے اچھی کوشش کی ہے اور تحریک جدید کا جو ہفتہ منایا گیا تھا، اس میں جماعت کے دوستوں نے خوب سرگرمی سے کام کیا۔چنانچہ جماعتوں کی طرف سے جو رپورٹیں آئی ہیں ، ان سے معلوم ہوتا ہے کہ بہت سی جماعتوں میں بیداری پیدا ہورہی ہے اور اب کل فرق پچاس ہزار سے اتر کر تیس ہزار کا رہ گیا ہے۔اور کل سے اس وقت تک جو وعدے وصول ہوئے ہیں، ان کا اندازہ کرتے ہوئے میں سمجھتا ہوں کہ غالباً یہ فرق پچیس ہزار سے بھی کم رہ جائے گا۔ابھی نئی مقرر کردہ تاریخ کے لحاظ سے وعدوں میں دس دن باقی ہیں اور وعدوں کے یہاں پہنچنے میں بھی پانچ ، دس دن لگ جائیں گے۔اگر ان دنوں میں بھی جماعت کے احباب اسی طرح کوشش کرتے رہے، جس طرح وہ پہلے چند دن کرتے رہے ہیں تو مجھے یقین ہے کہ نہ صرف وہ فرق دور ہو جائے گا، جو اس سال کے وعدوں میں اور پچھلے سال کے وعدوں میں ہے بلکہ اس سال کے وعدے پچھلے سال کے وعدوں سے بڑھ جائیں گے۔( مجھے افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ اب جبکہ وعدے قریباً پورے ہو گئے ہیں ، سال اول کے وعدوں میں چھبیس ہزار کا فرق ہے۔اگر سب دوست دس فیصدی کم کرتے ،تب بھی 23 ہزار کا فرق ہونا چاہئے تھا۔مگر وعدے کم کرنے والے ہیں فیصدی بھی نہیں۔جس سے معلوم ہوتا ہے کہ دس فیصدی کے قریب لوگوں نے وعدہ کیا ہی نہیں۔ایک اعلیٰ نیکی کے کام میں حصہ لینے کے بعد یہ غفلت قابل افسوس ہے، اللہ تعالیٰ ان پر رحم فرمائے۔دفتر دوم کے وعدوں میں زیادتی ہے، گو امید کے مطابق نہیں مگر بہر حال زیادتی ہے۔الحمد اللہ خدا کرے اب ادائیگی میں بھی چستی ہو۔آمین ) میں دیکھتا ہوں کہ بیرون ممالک میں اسلام کی تڑپ پیدا ہورہی ہے اور یہ تڑپ نہ صرف غیر مسلم ممالک میں پیدا ہورہی ہے بلکہ مسلم ممالک میں بھی پیدا ہورہی ہے۔اور ان میں یہ احساس پیدا ہورہا ہے 377