تحریک جدید ۔ ایک الٰہی تحریک (جلد اول۔ 1934 تا 1939) — Page 499
تحریک جدید - ایک الہی تحریک جلد اول اقتباس از خطبه جمعه فرموده 17 دسمبر 1937ء مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوان ان شرائط کے ماتحت جلد از جلد اپنے نام پیش کریں گے تا اس کو سکیم پر کام کریں جو میرے مد نظر ہے۔ہم آدمی تو تھوڑے ہی لیں گے مگر جو چند آدمی سینکڑوں میں سے چنے جائیں گے۔وہ بہر حال ان سے بہتر ہونگے جو پانچ سات میں سے چنے جائیں۔پچھلی مرتبہ قریباً دو سونو جوانوں نے اپنے آپ کو پیش کیا تھا اور مجھے امید ہے کہ اب اس سے بھی زیادہ کریں گے۔جنہوں نے چھلی مرتبہ اپنے آپ کو پیش کیا تھا وہ اب بھی کر سکتے ہیں۔بلکہ جو کام پر لگے ہوئے ہیں وہ بھی چاہیں تو اپنے نام پیش کر سکتے ہیں۔کیونکہ ان کی تین سال کی مدت ختم ہو گئی ہے۔بعض ان میں سے ایسے ہیں جو سمجھتے ہیں کہ تین سال تو ہم جانتے نہیں۔جب ایک دفعہ اپنے آپ کو پیش کر دیا تو پھر پیچھے کیا ہٹنا ہے۔ان کو بھی قانون کے ماتحت پھر اپنے نام پیش کرنے چاہئیں۔کیونکہ پہلے ہمارا مطالبہ صرف تین سال کے لئے تھا اور جو بھی اپنے آپ کو پیش کریں۔پختہ عزم اور ارادہ کے ساتھ کریں کیونکہ ڈھلمل آدمی اپنے لئے بھی اور دوسرں کے لئے بھی مصیبت کا موجب ہوتا ہے۔میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ہم سے ہر ایک بچے، بوڑھے، جوان، مرد، عورت، چھوٹے ، بڑے کو توفیق عطا فرمائے کہ وہ عزم صمیم کے ساتھ اس مقصد کو حاصل کرنے کیلئے کھڑا ہو جائے جس کا مطالبہ ہم سے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے ذریعہ کیا گیا ہے اور وہ ہمارے کاموں میں برکت دے تاہم اس میں کامیاب ہو سکیں۔آمین۔مطبوعہ الفضل 22 دسمبر 1937 ء ) 499