تذکرہ — Page 790
تھے۔مسجد مبارک میں ہم سو گئے۔صبح حضرت مسیح موعود علیہ السلام تشریف لائے تو آپ ؑ نے فرمایا۔’’مَیں نے آج خواب میں دیکھا کہ مسجد میں دو حُقّے پڑے ہوئے ہیں۔‘‘ (الحکم جلد ۳۸ نمبر ۲۷مورخہ۲۸؍ جولائی ۱۹۳۵ء صفحہ ۴) ۵۷۔میاں امام الدین صاحبؓ سیکھوانی کی پاکٹ بک میں (درج ) ہے کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا۔’’ایک روز مَیں نے خواب میں دیکھا کہ ہمارا جو باہر کا مکان ہے اُس کے آگے دو گھوڑے خوب موٹے تازےبندھے ہوئے ہیں اور عربی گھوڑے معلوم ہوتے ہیں۔پھر ایک گھوڑے پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سوار ہوئے ہیں اور ایک گھوڑے پر مَیں سوار ہوں اور ہم دونوں بہادروں کی طرح تیز رفتار چلتے ہیں اور چلنے (میں) کوئی کمی نہیں۔بعد (میں) میری آنکھ کھل گئی۔‘‘ (الحکم جلد ۳۸ نمبر ۳۰مورخہ ۲۱؍ اگست ۱۹۳۵ء صفحہ ۶) ۵۸۔مولوی رحیم بخش صاحبؓ ساکن موضع بہادر حسین تحصیل بٹالہ کا تحریری بیان ہے کہ۔’’ ایک مرتبہ عاجز اور شرمپت اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام مسجد اقصیٰ میں تھے۔آپ ؑ اِدھر اُدھر ٹہل رہے تھے۔ساتھ ساتھ ہم بھی پھرتے تھے۔شرمپت کو حضور ؑ نے مخاطب کرکے فرمایا کہ شرمپت مجھ کو الہام ہوا ہے کہ ملاوا یہودا اسکریوطی ہے اور یہودا اسکریوطی وہ تھا جس نے حضرت عیسیٰ علیہ السلام کو پکڑوایا تھا۔یہ ہمارا دوست ہے اس کو نہ بتانا شاید یہ الفاظ کہہ کر رنجیدہ ہوگیا لیکن یہ فرمایا کہ تاریخ اور الہام لکھ رکھو۔اس کے ایک مدت کے بعد ملاوا آپ ؑ کا سخت مخالف ہوگیا تھا۔‘‘ (الحکم جلد ۳۹ نمبر ۱۵ مورخہ ۱۴ ؍ جون ۱۹۳۶ء صفحہ ۱۰) ۵۹۔حافظ عبدالعلی صاحبؓ برادر مولوی شیر علی صاحب ؓ نے بیان کیا کہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا۔’’ جو لوگ میرے پاؤں دباتے ہیں، اُن کے روحانی حالات مجھے رات بوقت دعا معلوم ہوتے ہیں۔مَیں اُن کے لئے دعا کرتا ہوں۔‘‘ (الحکم جلد۴۴ نمبر ۲۰ تا ۲۳ مورخہ ۷، ۱۴، ۲۱، ۲۸ ؍ اگست ۱۹۴۲ء صفحہ ۳۔رجسٹر روایاتِ صحابہ غیر مطبوعہ نمبر۳ صفحہ ۱۴۵) ۶۰۔مٹھہ ٹوانا ضلع شاہ پور سے ایک سِکّھ معہ اپنے لڑکے کے آیا۔اُس کے لڑکے کو غالباً تپ دِق کا مرض تھا۔حضرت مولوی نورالدین صاحب رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے علاج کرانے آیا تھا۔اس لڑکے کا باپ دُعا کے لئے حاضر ہوتا۔آپ ؑ دُعا فرماتے آپ ؑ کو الہاماً ایک نسخہ معلوم ہوا جو اس پر حضرت مولوی صاحبؓ کی معرفت استعمال کرایا گیا اور وہ لڑکا شفایاب ہوگیا۔(الفضل جلد۳۰ نمبر ۱۴۴مورخہ۲۴ ؍ جون۱۹۴۲ء صفحہ ۳)