تاریخ احمدیت (جلد 26)

by Other Authors

Page 60 of 435

تاریخ احمدیت (جلد 26) — Page 60

تاریخ احمدیت۔جلد 26 60 سال 1970ء ریڈیو نے حضور کی تشریف آوری کا آنکھوں دیکھا حال نشر کیا اور ٹیلیویژن پر تصاویر دکھائیں۔حضور ہوائی اڈہ سے قریباً دو گھنٹے کے سفر کے بعد سٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں پہنچے۔حضور کی قیامگاہ پر کچھ احباب پہنچ گئے ان کی خواہش تھی کہ حضور اوپر سے ہی کھڑے کھڑے اپنے دیدار سے شادکام فرمائیں لیکن حضور کو جب اپنے احباب کی آمد کا علم ہوا تو حضور علت طبع اور شدید گرمی اور دھوپ کے باوجود نیچے تشریف لائے اور سب احباب سے جو تعداد میں ڈیڑھ سو سے زائد تھے فرداً فرداً مصافحہ فرمایا۔اور ہر ایک سے نام دریافت فرمایا۔ایک دوست نے اپنے نام کا مفہوم بتایا ” یہ جنگ اور وہ جنگ‘۔حضور نے فرمایا اب آپ احمدی ہیں اس لئے آپ کا نام عبد السلام ہے یعنی ” نہ یہ جنگ اور نہ وہ جنگ۔پریس کانفرنس سے خطاب ۵ مئی کو ساڑھے پانچ بجے شام لاج کی زیریں منزل پر پریس کانفرنس منعقد ہوئی جس میں پریس، ریڈیو، ٹیلیویژن اور نیوز ایجنسیوں کے نمائندے شامل ہوئے۔حضور نے فرمایا مجھے اہل افریقہ بہت پسند آئے ہیں ان کے چہروں پر مسکراہٹ ہے اور دلوں میں سادگی اور محبت ہے۔میں نے اس دورہ کو نہایت خوش کن اور آرام دہ پایا ہے۔اس سوال کے جواب میں کہ حضور کی تشریف آوری کا مقصد کیا ہے؟ حضور نے مسکرا کر فرمایا آپ لوگوں سے ملاقات نیز مختلف ممالک کے سربراہوں سے مشورہ کہ جماعت احمد یہ ان ممالک کے باشندوں کی کس رنگ میں بہتر خدمت کر سکتی ہے۔ایک سوال کے جواب میں حضور نے فرمایا کہ ہماری جماعت نے یورپین ممالک میں بھی کافی ترقی کی ہے۔صرف انگلستان میں پندرہ ہزار احمدی رہتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں فرمایا کہ میں پہلے دوسروں سے مشورہ کرتا ہوں ،خودسوچتا ہوں پھر اللہ تعالیٰ کے حضور انشراح صدر اور راہنمائی کے لئے دعا کرتا ہوں تب کسی نتیجہ پر پہنچتا ہوں۔اس کے بعد ریڈیو سیرالیون کے نمائندہ خصوصی کی درخواست پر حضور نے انٹرویو کے لئے اسے الگ موقع دیا۔ایک سوال کے جواب میں حضور نے فرمایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری جماعت تقریباً دنیا کے ہر ملک میں قائم ہے اور کہا جا سکتا ہے کہ ہماری جماعت پر سورج کبھی غروب نہیں ہوتا۔اور ہم یقین رکھتے ہیں کہ ہماری محبت ساری دنیا کی نفرت پر غالب آکر رہے گی۔