تاریخ احمدیت (جلد 26)

by Other Authors

Page 263 of 435

تاریخ احمدیت (جلد 26) — Page 263

تاریخ احمدیت۔جلد 26 263 سال 1970ء مدد کرنے کی یہ ایک مثال ہے جو ہم نے قائم کی ہے۔یہ تو تھی غرباء کی غذائی ضروریات کو پورا کرنے کی ایک کوشش۔جہاں تک غرباء کے بچوں کی تعلیم کا سوال ہے میں تمام غریب احمدی والدین کو یہ یقین دلاتا ہوں کہ اگر ان کے بچے واقعی ذہین ہیں اور اعلی تعلیم حاصل کرنے کے قابل ہیں تو وہ مجھے اطلاع دیں میں ان کی پڑھائی کا ذمہ لیتا ہوں۔انشاء اللہ ان کے تمام اخراجات کا انتظام کروں گا اور کسی بچے کو ضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔لیکن ساتھ ہی میں یہ امر بھی واضح کر دینا چاہتا ہوں کہ جن غرباء کے بچے ذہین نہیں ہیں اور اللہ تعالیٰ نے انہیں تعلیم میں ترقی کرنے والا دماغ نہیں دیا انہیں اپنے اور جماعت کے پیسوں کو ان کی تعلیم پر ضائع نہیں کرنا چاہیے بلکہ جس لائن کے لئے وہ موزوں ہوں اس میں انہیں ڈال دینا چاہیے۔حضور نے فرمایا کہ ایک تحریک میں نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی ایک خواہش کو پورا کرنے کے لئے جماعت کے سامنے یہ رکھی تھی کہ کوئی احمدی بھوکا نہ رہے۔مجھے خوشی ہے کہ ۸۰-۹۰ فیصدی جماعتوں نے اس پر عمل کرنے کی کوشش کی ہے حال ہی میں ملک میں جو انتخابات ہوئے ہیں ان میں پاکستان کی نوجوان نسل نے بھی میری اس سکیم کو جو میں نے کئی برس پہلے جاری کی تھی پورا کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اپنی اس خواہش کا اظہار کر دیا ہے کہ پاکستان کا نظام حکومت ایسا ہونا چاہیے جس میں کوئی شخص بھوکا نہ رہے۔حضور نے فرمایا کہ ہم تو اپنے ملک میں حضرت نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیم کو عملی صورت میں رائج کرنا چاہتے ہیں۔اگر بعض مخالفین کے قول کے مطابق ہم میں اتنی طاقت ہے کہ پیپلز پارٹی کو ہم نے کامیاب کرا دیا ہے تو پھر انہیں یہ بھی سمجھ لینا چاہیے کہ یقیناً ہم میں اتنی طاقت بھی ہوگی کہ ہم اس ملک میں اسلام کی تعلیم کو رائج کرنے اور قرآن کریم اور حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت کو قائم کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔حضور نے فرمایا کہ جو لوگ غلط الزام لگا کر اور مذہب کا نعرہ لگا کر غریبوں کو ان کے جائز اسلامی حقوق سے محروم رکھنا چاہتے ہیں وہ ہر گز اپنے مقصد میں کامیاب نہ ہوں گے۔اسلام نے آج سے۱۴ سو سال پہلے غریب کے جو حقوق قائم کئے تھے انہیں اپنے عمل سے قائم کرنا چاہیے۔بعض لوگ کہتے ہیں کہ پاکستان میں اسلام خطرے میں ہے ہم کہتے ہیں کہ نہ صرف پاکستان میں بلکہ دنیا کے کسی ملک میں بھی اسلام خطرے میں نہیں ہے البتہ اسلام کے علاوہ باقی ہر مذہب ضرور خطرے میں ہے۔