تاریخ احمدیت (جلد 25) — Page iii
پیش لفظ احباب جماعت کی خدمت میں سال ۱۹۶۹ء کے حالات و واقعات پر مشتمل تاریخ احمدیت کی جلد نمبر ۲۵ پیش کی جارہی ہے۔اس جلد میں حضرت خلیفہ اسیح الثالث رحمہ اللہ تعالٰی کی گوناگوں مصروفیات ، دورہ جات ، ارشادات ، ہدایات اور تحریکات کے علاوہ نہایت پر معارف خطبات و خطابات کے ملخص اور اقتباسات شامل کئے گئے ہیں۔اسی طرح جلسہ ہائے سالانہ ربوہ و قادیان مجلس مشاورت ، سالانہ اجتماعات کا روح پرور تذکرہ بھی محفوظ کیا گیا ہے۔اس سال نسلِ انسانی کو تسخیر عالم کی ایک اہم مہم میں عظیم کامیابی حاصل ہوئی اور اس نے چاند کی سرزمین پر اپنے قدم رکھ کر بنی نوع انسان کے لئے تسخیر کائنات کے لامتناہی در کھول دیئے۔اس محیر العقول واقعہ پر حضرت خلیفہ اسیح الثالث رحمہ اللہ تعالیٰ نے ایک نہایت درجہ عمیق حکمتوں سے پُر خطبہ ارشاد فرمایا، جس کا ایک اقتباس بھی قارئین کے ازدیاد علم کے لئے شامل اشاعت ہے۔نیز اس جلد میں صحابہ کرام کے دلگداز ایمان افروز واقعات مخلصین سلسلہ کا ذکر خیر اور احمدی نوجوانوں کی مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کامیابیوں کا ذکر وغیرہ محفوظ کیا گیا ہے۔اس جلد میں ان اہم واقعات کے تذکرہ کے علاوہ حضرت حافظ سید مختار احمد صاحب شاہجہانپوری ایسے نابغہ روزگار وجود کے انتقال پر ملال، پاکستان آرمی کے مایہ ناز جرنیل مکرم اختر حسین ملک صاحب اور انکی اہلیہ محترمہ کے سانحہ شہادت اور اٹلی کے پروفیسر ڈاکٹر اطالو کیوسی صاحب کے قبول اسلام کا ذکر بھی موجود ہے، جن کو اسپرانٹو زبان میں ترجمہ قرآن کریم کی عظیم سعادت حاصل ہوئی۔اسی طرح بیرونی ممالک میں احمدیہ مشنوں کی مساعی کا ذکر کہ کس طرح احمدی مبلغین اکناف عالم میں دین حق کی سربلندی کے لئے سر دھڑ کی بازی لگائے ہمہ تن مصروف ہیں۔نیز دوران سال شائع ہونے والی نئی مطبوعات کا ذکر بھی شامل مسودہ کیا گیا ہے۔