تاریخ احمدیت (جلد 20)

by Other Authors

Page 706 of 879

تاریخ احمدیت (جلد 20) — Page 706

تاریخ احمدیت 706 جلد ۲۰ مجلس خدام الاحمدیہ کا سالانہ اجتماع اس سال مجلس خدام الاحمدیہ کا انیسواں سالانہ اجتماع اپنی مخصوص روایات کے ساتھ دفتر مجلس خدام الاحمدیہ مرکزیہ کے احاطہ میں ۲۳٬۲۲٬۲۱ اکتوبر ۱۹۶۰ء کو منعقد ہوا جس میں افتتاحی اور اختتامی دونوں خطابات نائب صدر مجلس خدام الاحمدیہ مرکز یہ صاحبزادہ ڈاکٹر مرزا منور احمد صاحب نے کئے۔سیدنا حضرت مصلح موعود چونکہ اپنی علالت اور نا سازی طبع کے باعث اس اجتماع میں تشریف نہیں لا سکے تھے اور نو جوانانِ احمدیت کو حضور کے زندگی بخش اور رُوح پرور تازہ ارشادات سے مستفید ہونے کی سعادت سے محروم رہنا پڑا تھا اس لئے صاحبزادہ صاحب نے اجتماع میں حضور کا وہ ولولہ انگیز اور پُر جوش خطاب پڑھ کر سنایا جو حضور نے ۲۹ ستمبر ۱۹۴۶ء کو مجلس خدام الاحمدیہ دتی کے ارکان سے بعد نماز ظہر بمقام نمبر ۸ پارک روڈ دہلی میں ارشاد فرمایا تھا ( اور جو چند دن قبل اخبار الفضل میں چھپ چکا تھا ) پڑھ کر سنایا جس پر مجمع میں دعا اور انابت الی اللہ کی خاص کیفیت پیدا ہوگئی اور خدام اُسے ہمہ تن گوش ہو کر سننے کے ساتھ ساتھ اپنے محبوب آقا کی صحت یابی اور درازی عمر کیلئے زیر لب دعائیں کرتے رہے۔سید نا حضرت مصلح موعود نے اپنے اس پُر جوش خطاب میں واضح لفظوں میں بتا یا کہ ’باتوں کا زمانہ گذر گیا اور اب باتوں کا زمانہ نہیں بلکہ عمل کرنے کا زمانہ ہے۔اللہ تعالیٰ اب دیکھنا چاہتا ہے کہ ان بڑے بڑے دعووں کے بعد تم کتنے قطرے خون دل کے اس کے حضور میں پیش کرتے ہو۔دنیا کے بادشاہ موتیوں اور ہیروں کی نذریں قبول کرتے ہیں مگر زمین و آسمان کا مالک سب بادشاہوں کا بادشاہ یہ دیکھتا ہے کہ کتنے قطرے خون دل کے کوئی شخص ہمارے حضور پیش کرتا ہے۔ہمارے خدا کے دربار میں ہیروں اور موتیوں کی بجائے خون دل کے قطرے قبول کئے جاتے ہیں۔نیز نہایت پُر شوکت انداز میں پیشگوئی فرمائی۔تم اس لئے اس سلسلہ میں داخل ہوئے ہو کہ ہم ایک دوسرے سے بڑھ چڑھ کر قربانیاں کریں گے اور اسلام کی حکومت کو دنیا بھر میں از سر نو قائم کر دیں گے۔پس اپنے اس عہد کو ہمیشہ مد نظر رکھو اگر تم اپنے عہد کو پورا کرتے جاؤ تو دنیا کی کوئی طاقت بلکہ دنیا کی تمام طاقتیں مل کر بھی تمہارے راستے میں روک نہیں بن سکتیں کیونکہ جب تم اللہ تعالیٰ کے ہو جاؤ گے تو پھر خدا تعالیٰ خود تمہارے لئے کامیابی کے سامان پیدا کرے گا اور تمہارے لئے کامیابی کے راستے کھول دے گا۔