لاہور ۔ تاریخ احمدیت

by Other Authors

Page 539 of 666

لاہور ۔ تاریخ احمدیت — Page 539

539 ایک احمدی گاؤں پوری طرح تباہ کر دیا گیا ہے۔اس گاؤں کی آبادی چھ سو سے اوپر تھی۔ریل، تار ڈاک بند ہے۔ہم وقت پر نہ آپ کو اطلاع دے سکتے ہیں اور نہ جو لوگ قادیان سے باہر ہیں۔اپنے مرکز کے لئے کوئی قربانی ہی کر سکتے ہی۔میں نے احتیاطاً خزانہ قادیان سے باہر بھجوا دیا ہے۔پھر بھی ان فسادوں کی وجہ سے بعض کو روپے ملنے میں دیر ہو تو انہیں صبر سے کام لینا چاہئے کہ یہی وقت ایمان کی آزمائش کے ہوتے ہیں۔مجھے بعض لوگ مشورہ دیتے ہیں کہ میں قادیان سے باہر چلا جاؤں۔ان لوگوں کے اخلاص میں شبہ نہیں لیکن میری جگہ قادیان ہے۔اس میں کوئی شک نہیں کہ تفسیر کا کام اور کئی اور کام پڑے ہیں لیکن ان کاموں کے لئے خدا تعالیٰ اور آدمی پیدا کر دے گا یا مجھے قادیان ہی میں دشمن کے حملے سے بچالے گا۔لیڈر کو اپنی جگہ نہیں چھوڑنی چاہئے۔یہ خدا تعالیٰ پر بدظنی ہے۔مجھے یقین ہے کہ خدا تعالیٰ ہماری مدد کرے گا اور ہمیں فتح دے گا مگر پھر بھی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی عزت اور احترام کو مدنظر رکھتے ہوئے بعض مستورات کو باہر بھجوانے کا ارادہ ہے۔بشرطیکہ اللہ تعالیٰ نے انتظام کر دیا۔اگر اللہ تعالیٰ کی مدد اس کے وعدوں کے مطابق آگئی تو یہ سب خدشات صرف احمقانہ ڈر ثابت ہوں گے۔لیکن اگر ہم نے اللہ تعالیٰ کے وعدوں کو سمجھنے میں غلطی کی ہے تو یہ احتیاطیں ہمارے لئے ثواب کا موجب ہوں گی۔آخر میں میں جماعت کو محبت بھرا سلام بھجواتا ہوں۔اللہ تعالیٰ آپ لوگوں کے ساتھ ہو۔اگر ابھی میرے ساتھ مل کر کام کرنے کا وقت ہو تو آپ کو وفاداری سے اور مجھے دیانتداری سے کام کرنے کی توفیق ملے اور اگر ہمارے تعاون کا وقت ختم ہو چکا ہے تو اللہ تعالیٰ آپ کا حافظ و ناصر ہو اور آپ کے قدم کو ڈگمگانے سے محفوظ رکھے۔سلسلہ کا جھنڈا نیچا نہ ہو۔اسلام کی آواز پست نہ ہو۔اللہ تعالیٰ کا نام ماند نہ پڑے۔قرآن سیکھو اور حدیث سیکھو اور دوسروں کو سکھاؤ۔خود عمل کرو اور دوسروں سے عمل کراؤ۔زندگیاں وقف کر نے والے ہمیشہ تم میں ہوتے رہیں۔اور ہر ایک اپنی جائیداد کے وقف کرنے کا عہد کرنے والا ہو۔خلافت زندہ رہے اور اس کے گرد جان دینے کے لئے ہر مومن آمادہ کھڑا ہو۔صداقت تمہارا زیور امانت تمہارا حسن اور تقویٰ تمہارا لباس ہو۔خدا تعالیٰ تمہارا ہو اور تم اس کے ہو۔آمین