سرّالخلافة — Page iii
نحمده ونصلى على رسوله الكريم وعلى عبده المسيح الموعود پیش لفظ احباب جماعت کی خدمت میں سیدنا حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی معرکۃ الآراء کتاب ”سر الخلافة “ اردو ترجمہ کے ساتھ پیش کرنے کی سعادت حاصل ہورہی ہے۔وَمَا تَوْفِيْقَنَا إِلَّا بِاللَّهِ الْعَزِيزِ حضرت اقدس کی کتاب ” سر الخلافة “ کے عربی متن کا ترجمہ محترم مولانا محمد سعید صاحب انصاری مربی سلسلہ نے کیا تھا۔عربک بورڈ نے اس ترجمہ پر نظر ثانی کی جس کے بعداب احباب جماعت کے استفادہ کے لئے پیش کیا جارہا ہے۔حکم و عدل حضرت مسیح موعود و مہدی معہود علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنی کتاب " سر الخلافة “ جو کہ فصیح و بلیغ عربی زبان میں ہے ۱۸۹۴ء میں تصنیف فرمائی اور روحانی خزائن جلد ۸ میں شامل ہے۔اہل سنت اور اہل تشیع کے درمیان باعث نزاع مسئلہ خلافت راشدہ کے بارہ میں حضور علیہ الصلوۃ والسلام نے اس کتاب میں سیر حاصل بحث فرمائی ہے۔آپ نے دلائل قطعیہ سے ثابت فرمایا کہ چاروں خلفاء راشدین برحق تھے تاہم حضرت ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ سب صحابہ کرام سے اعلیٰ شان رکھتے تھے اور آپ اسلام کے لئے آدم ثانی تھے اور آیت استخلاف کے حقیقی معنوں میں آپ مصداق تھے۔نیز باقی صحابہ کرام کے فضائل کا بھی آپ نے بیان فرمایا ہے۔حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام نے اپنی اس کتاب میں عقیدہ ظہور مہدی کا ذکر کر کے اپنے دعوئی مہدویت پر شرح وبسط سے بحث کی ہے الغرض مسئلہ خلافت پر یہ ایک بیش بہا کتاب ہے۔