سلسلہ احمدیہ

by Other Authors

Page 705 of 753

سلسلہ احمدیہ — Page 705

705 بیعت کی۔حضرت مصلح موعود کی جدائی پر دل زخمی تھے لیکن اس کے ساتھ دل میں اس بات پر اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کر رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ کے وعدے پورے ہوئے اور جماعت ایک بار پھر ایک ہاتھ پر جمع ہوگئی۔اسی وقت تمام دنیا میں جماعت کو اس انتخاب کی خبر بھجوائی گئی۔اس کے بعد حضرت خلیفہ اسیح الثالث مسجد سے قصر خلافت تشریف لائے۔اور ایک بند کمرہ میں تقریباً ڈیڑھ گھنٹہ دعاؤں میں مشغول رہے۔اس کے بعد خواتین نے آپ کے دست مبارک پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔آپ کا منصب خلافت پر فائز ہونا بہت سی پیشگوئیوں کے مطابق تھا جن کا پورا ہونا مقدر تھا۔اور اس لحاظ سے بھی آپ کا انتخاب مومنوں کے ایمانوں کی تقویت کا باعث بنا۔بنی اسرائیل کی مقدس روایات کی کتاب طالمود میں یہ پیشگوئی درج تھی کہ مسیح کے بعد اس کی بادشاہت اس کے بیٹے اور پھر پوتے کو منتقل ہو گی۔چنانچہ اس پیشگوئی کے مطابق حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے موعود بیٹے کے بعد انہی کے بڑے فرزند منصب خلافت پر فائز ہوئے۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو جہاں ایک عظیم المرتبت بیٹے کے متعلق بشارات دی گئی تھیں۔وہاں آپ کو اللہ تعالی کی طرف سے یہ بھی بتایا گیا تھا کہ آپ کو ایک عظیم پوتا بھی عطا کیا جائے گا۔چنانچہ ۲۶ دسمبر ۱۹۰۵ء کو حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو الہام ہوا إِنَّا نُبَشِّرُكَ بِغُلَامٍ نَّا فِلَةً لَّكَ نَافِلَهَ مِّن عِندِی (۱۱) یعنی ہم تجھے ایک لڑکے کی خوشخبری دیتے ہیں جو تیرے لئے نافلہ ہے۔وہ ہماری طرف سے نافلہ ہے۔( نافلہ کا ایک مطلب پوتے کے بھی ہیں )۔پھر مارچ ۱۹۰۶ء میں آپ کو الہام ہوا إِنَّا نُبَشِّرُكَ بِغُلامٍ نَّا فِلَةَ لَكَ - (۱۲) اور حضرت مسیح موعود علیہ السلام نے فرمایا ممکن ہے کہ اس کی یہ تعبیر ہو کہ محمود کے ہاں لڑکا ہو کیونکہ نافلہ پوتے کو بھی کہتے ہیں یا بشارت کسی اور وقت تک موقوف ہو۔پھر حضرت مسیح موعود نے اپنی تصنیف حقیقۃ الوحی میں ایک لمبا الہام درج فرمایا جس کے ایک حصے کا ترجمہ ہے۔تو اپنی ایک دور کی نسل دیکھ لے گا۔ہم ایک لڑکے کی تجھے بشارت دیتے ہیں جس کے ساتھ حق کا ظہور ہوگا۔گویا آسمان سے خدا اُترے گا۔ہم ایک لڑکے کی تجھے بشارت دیتے ہیں جو تیرا پوتا ہو گا۔جب ستمبر ۱۹۰۷ء میں حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے سب سے چھوٹے صاحبزادے مرز ا مبارک احمد صاحب فوت ہوئے تو اللہ تعالیٰ نے اسی روز حضرت مسیح موعود علیہ السلام کو الہاماً