شہدائے احمدیت — Page 193
خطبات طاہر بابت شہدا 184 مکرم ڈاکٹر عبد القادر صاحب چینی فیصل آباد خطبہ جمعہ ۲ جولائی ۱۹۹۹ء ڈاکٹر عبد القادر صاحب چینی شہید۔فیصل آباد : تاریخ شہادت ۱۶ جون ۱۹۸۴ء۔ڈاکٹر عبدالقادر صاحب ولد قاری غلام مجتبی صاحب (صحابی حضرت مسیح موعود ) نے ابتدائی تعلیم ہائی سکول قادیان میں پائی۔پھر آپ MBBS کر کے نہایت کامیاب فزیشن اور سرجن بنے۔فیصل آباد میں مقیم تھے اور نہایت مخلص احمدی تھے۔اپنی شرافت اور نیک دلی کی وجہ سے خاص و عام میں مقبول تھے۔ہر دل عزیز اور فرض شناس تھے اور خدمت خلق کے جذ بہ سے سرشار تھے۔۶ ارجون ۱۹۸۴ء کو دن کے تقریباً پونے بارہ بجے پیپلز کالونی فیصل آباد میں آپ اپنی کوٹھی میں موجود تھے اور روزے سے تھے کہ ایک شخص نعیم اللہ ہاشمی بیماری کے بہانے آپ کی کوٹھی پر آیا آپ نے اسے اندر بلالیا۔اس نے پیٹ درد کی شکایت کی چنانچہ ڈاکٹر صاحب اسے دیکھنے کے لئے نیچے جھکے تو اس نے چھرے سے آپ کے بازو پر ایک اور پیٹ میں دو وار کئے اور بھاگ گیا۔آپ کا ملازم شورسن کر قاتل کے پیچھے بھاگا اور تھوڑی دور جا کر لوگوں کی مدد سے اسے پکڑ لیا اور پولیس کے حوالہ کر دیا۔ڈاکٹر صاحب کو زخمی حالت میں ہسپتال لایا گیا مگر زخم اتنے کاری تھے کہ آپ جانبر نہ ہو سکے اور ایک بجے کے قریب ہسپتال میں اللہ کو پیارے ہو گئے۔انـا لــلــه وانـا اليه راجعون ـ بوقت شہادت آپ کی عمر ۶۵ سال تھی۔مجرم نے پولیس کو کئی جھوٹے بیانات دیئے۔کبھی کہا کہ ڈاکٹر صاحب نے اسے بیماری کا جعلی سرٹیفیکٹ دینے سے انکار کر دیا تھا۔کبھی کہا کہ میں نے ڈاکٹر صاحب سے دوائی کے لئے پیسے مانگے تھے جو انہوں نے نہیں دیئے وغیرہ۔گوایڈیشنل حج فیصل آباد محمد اسلم ضیاء نے اسے عمر قید کی سزاد دی مگر ہائیکورٹ نے ملزم کو بری کر دیا۔شہید مرحوم نے اپنے پسماندگان میں بیوہ محترمہ طاہرہ قادر صاحبہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا ڈاکٹر رضوان قادر چھوڑے جو کہ آج کل ڈیٹرائیٹ امریکہ میں مقیم ہیں۔آپ کی بیٹیوں میں سب سے بڑی بیٹی ڈاکٹر نائلہ احمد ڈاکٹر سلیم احمد صاحب کی اہلیہ ہیں۔دوسری بیٹی ڈاکٹر شہلا ظفر اللہ خانصاحب آف نیروبی کی اہلیہ ہیں اور تیسری بیٹی ڈاکٹر فائزہ رحمان ہیں جو مکرم ڈاکٹر لطف الرحمان صاحب امریکہ کی اہلیہ ہیں۔سوائے شہلا کے شہید مرحوم کا سارا خاندان اب امریکہ میں آباد ہے۔