سوانح فضل عمر (جلد چہارم) — Page 389
۳۸۹ اب ہندوستان میں بھی بیسیوں جگہ پر احمد یہ جماعتیں قائم ہیں۔ان جماعتوں کو بیدار کرنا، منظم کرنا ایک نئے عزم کے ساتھ کھڑا کرنا اور اس ارادہ کے ساتھ ان کی طاقتوں کو جمع کرنا کہ وہ اسلام اور احمدیت کی تبلیغ کو ہندوستان کے چاروں گوشوں میں پھیلا دیں۔یہ آپ لوگوں کا ہی کام ہے۔ہم کہتے ہیں کہ قادیان احمدیوں کا مرکز ہے۔آپ لوگ بھی کہتے ہیں کہ ہم اس لئے قادیان میں بیٹھے ہیں کہ یہ ہم احمدیوں کا مرکز ہے۔اب یہ آپ لوگوں کا فرض ہے کہ مرکز کو مرکز کی حیثیت سے دنیا کے سامنے پیش کریں۔مرکز چند مجاوروں کے جمع ہو کر بیٹھ جانے کا نام نہیں۔مرکز ایک بے انتہاء جذبہ کا نام ہے جو اپنے ماحول پر چھا جانے کا ارادہ کر کے کھڑا ہو۔مرکز کا نام قرآن کریم میں ماں رکھا ہے اور ماں وہی ہوتی ہے جو اپنا خون پلا کر بچوں کو پالتی بڑا کرتی اور جو ان کرتی ہے۔پس قادیان مرکز اسی صورت میں ہو سکتا ہے کہ وہ اپنی چھاتیوں کا دودھ تمام طالبان صداقت کو پیش کرے ، ان کو پالے اور ان کی پرورش کرے اور ان کو پروان چڑھائے۔پس آپ لوگ اب اپنی نئی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہوئے نئے سرے سے اپنے دفاتر کی تنظیم کریں اور ہندوستان کی باقی جماعتوں کو دوبارہ زندہ کرنے اور زندہ رکھنے کی کوشش کریں۔صرف یہی نہیں بلکہ ان کو بڑھانے اور پھیلانے کی کوشش کریں۔وہ تمام اغراض جن کے لئے احمد یہ جماعت قائم کی گئی تھی حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی کتابوں میں لکھی ہوئی موجود ہیں۔ان اغراض کو سامنے رکھ کر صد رانجمن احمدیہ کی تنظیم کریں اور تمام ہندوستان کی جماعتوں کے ساتھ خط و کتابت کر کے ان کو منظم کریں اور پھیلنے اور پھولنے میں مدد دیں۔اس کام کے متعلق میں چند تجاویز آپ لوگوں کے سامنے پیش کرتا ہوں:۔اول۔ہندوستان یونین کی تمام احمد یہ جماعتوں کی لسٹیں جمع کریں۔(جو لسٹیں وہاں موجود نہ ہوں وہ لسٹیں پاکستان کے مرکز سے منگوالیں) ۲:۔پریس کو دوبارہ جاری کرنے کی کوشش کریں۔جب تک قادیان کا پریس واگذار نہیں ہوتا اس وقت تک ضروری اشتہارات لکھ کر دہلی بھیجوا دیا کریں اور وہاں سے چھپوا کر ریل میں منگوا لیا کریں اور پھر ڈاک کے ذریعہ تمام ہندوستانی جماعتوں میں تقسیم کر دیا کریں۔