سیر روحانی — Page 736
تسلیم کر لیا ہے کہ بائبل میں حضرت سلیمان پر جھوٹا الزام لگایا گیا تھا کہ انہوں نے غیر معبودوں کی پرستش کی اور خدائے واحد کو چھوڑ دیا۔چنانچہ انسائیکلو پیڈیا بلی کا جو بڑے بڑے پادریوں اور یہودی علماء نے لکھی ہے اور جس میں نہ صرف پرانی تاریخی کتب کا نچوڑ آ گیا ہے بلکہ نئی علمی تحقیقات بھی اُس میں شامل ہیں اُس میں لکھا ہے کہ :- یہ بات تو صحیح ہے کہ حضرت سلیمان کی بہت سی بیویاں تھیں کچھ اسرائیلی اور کچھ غیر اسرائیلی لیکن نہ تو انہوں نے اُن سب کے لئے قربان گاہیں بنائی تھیں اور نہ انہوں نے اپنی بیویوں کے دیوتاؤں کی عبادت کو کبھی خدا تعالیٰ کی عبادت کے ساتھ ملایا تھا۔آپ خدا تعالیٰ کی وحدانیت کے انکار کا کبھی تصور بھی نہیں کر سکتے تھے۔گویا تاریخ نے خود تسلیم کر لیا کہ بیشک حضرت سلیمان کی کئی بیویاں تھیں کچھ یہودی اور کچھ غیر یہودی مگر یہ غلط ہے کہ انہوں نے سب کے لئے بُت خانے بنائے اور پھر یہ بھی جھوٹ ہے کہ انہوں نے کبھی کسی بُت کو سجدہ کیا ہو۔اب دیکھو بائبل تو یہ کہتی ہے کہ انہوں نے بتوں کو سجدے کئے اور قرآن کہتا ہے کہ نہیں کئے۔اور آج کا محقق یہودی اور آج کا محقق عیسائی کہتا ہے کہ بائبل جھوٹ کہتی ہے۔ہمارے ملک کی ایک مثل ہے۔کہتے ہیں۔’ جادو وہ جو سر چڑھ کر بولے۔اگر صرف قرآن یہ بات کہتا ہے تو عیسائی اور یہودی کہتے کہ ہم کو جھٹلانے کے لئے ایسا کہا گیا ہے مگر خدا نے خود عیسائی اور یہودی علماء کی زبان سے یہ بات کہلوا دی۔پس اب ہم کہہ سکتے ہیں کہ یہ محقق تو تمہارے اپنے بزرگ ہیں۔اگر ان بزرگوں نے اپنے بزرگوں کو جھوٹا قرار دیا ہے تو تم اس کے ذمہ دار ہو ہم ذمہ دار نہیں۔نہ ان یہودی پادریوں کو ہم نے پڑھایا تھا اور نہ عیسائی پادریوں کو ہم نے پڑھایا ، تمہارے اپنے باپ دادوں نے اِن کو پڑھایا تھا۔پس اگر جھوٹے ہیں تو تمہارے اپنے باپ دادا جھوٹے ہیں، تمہاری کلیسیا جھوٹی ہے یا یہودیوں کی مذہبی انجمن جھوٹی ہے۔ہمارا قرآن تمہارے علماء کے اقرار کے ساتھ سچا ثابت ہو گیا اور ظاہر ہو گیا کہ سلیمان نے کبھی غیر معبودوں کی پرستش نہیں کی تھی۔پھر اُسی ” سلاطین میں جس میں حضرت سلیمان پر کفر کا الزام لگا یا گیا ہے لکھا ہے کہ خدا تعالیٰ نے حضرت سلیمان کو الہاماً کہا کہ میں نے ایک عاقل اور سمجھنے والا دل تجھ کو بخشا۔