سفر یورپ 1924ء

by Other Authors

Page 251 of 525

سفر یورپ 1924ء — Page 251

۲۵۱ بھی۔پس کیا اے اہل پورٹ سمتھ ! جو ساحل سمندر پر بستے ہو اس اجر کو جو انگلستان کے شہروں میں سے کسی نہ کسی کے قبضہ میں آنے والا ہے لینے کے لئے تم آگے نہیں بڑھو گے۔بے شک سچائی کو لوگ آہستہ آہستہ قبول کرتے ہیں مگر وہ آخر غالب آ کر رہتی ہے۔حضرت مسیح موعود سے خدا تعالیٰ کا وعدہ ہے کہ جس طرح مسیح اول کے بعد تین سو سال میں مسیحیت نے غلبہ حاصل کر لیا تھا اسی طرح تین سوسال کے اندر آپ کے سلسلہ کو غلبہ حاصل ہو جائے گا مگر وہ غلبہ پہلے غلبہ سے زیادہ مکمل ہوگا کیونکہ اس وقت تو مسیحیت روم کا سرکاری مذہب بنا تھا لیکن اس وقت احمدیت تمام دنیا کے قلوب پر تصرف حاصل کرے گی۔یہ بے شک غیب کی خبر میں ہیں مگر دنیا آپ کی ہزاروں پیشگوئیاں پوری ہوتی دیکھ چکی ہے اور ماضی مستقبل پر گواہ ہے۔کیا یہ عجیب نہیں کہ آج سے چونتیس سال پہلے حضرت مسیح موعود اس وقت جب کہ اکیلے تھے یہ پیشگوئی اپنی ایک کتاب کے ذریعہ شائع کی تھی کہ آپ کی تعلیم انگلستان میں جلد ہی پہنچنے والی ہے اور وہاں کے کئی لوگ اسے عنقریب قبول کرنے والے ہیں اور آج تم دیکھتے ہو کہ ان کے متبعین کی ایک جماعت تمام انگلستان میں صداقت کا اعلان کرتی پھرتی ہے اور کئی لوگ اس وقت تک سلسلہ میں داخل ہو چکے ہیں۔پس خدا کے کاموں کو عجیب نہ سمجھو کہ اس کی قدرت کے آگے سب کچھ آسان ہے۔اے سچائی کے طالبو! اور اے خدا تعالیٰ سے لقا کی سچی تڑپ رکھنے والو! میں اپنے تجربہ کی بنا پر آپ لوگوں سے کہتا ہوں کہ خدا سے لقا کا ذریعہ سوائے مسیح موعود کی اتباع کے اور کوئی نہیں۔آج سب دروازے بند ہیں سوائے اس کے دروازے کے، اور سب چراغ بجھے ہوئے ہیں سوائے اس کے چراغ کے۔پس اس دروازہ سے داخل ہو جس کو خدا تعالیٰ نے کھولا ہے اور اس چراغ سے روشنی لو جسے اس نے جلایا ہے اور خدا کے جلال کو اپنی آنکھوں سے دیکھو اور اس کے قرب کو اپنے دلوں سے محسوس کر و۔ہاں یہ یاد رکھو کہ دو کشتیوں میں پیر رکھنا کبھی فائدہ نہیں دیتا۔بغیر قربانی کے کوئی ایمان نفع بخش نہیں ! جو شخص اپنے آرام اور اپنی آسائش اور اپنے وقت اور اپنی عادات اور اپنی رسوم کو چھوڑنے کے لئے تیار نہیں ہوتا وہ کبھی کامیابی کا منہ نہیں دیکھتا اور جو شخص یہ سب کچھ کر لیتا ہے اس کو کوئی چیز تباہ نہیں کر سکتی۔مسیح موعود فرماتے ہیں۔