سبیل الرّشاد (جلد دوم) — Page 498
28 جماعت احمدیہ میں مختلف تنظیمیں تمکین دین اور خوف کو امن میں بدلنے کے سامان پیدا کرنے کے لئے بطور ہتھیار کے ہیں اور یہ ہتھیار خلیفہ وقت کے ہاتھ میں ہوتا ہے حضور نے حضرت صاحبزادہ مرزا طاہر احمد صاحب سابق صدر مجلس خدام الاحمدیہ کے اعزاز میں ( جب وہ انصار اللہ میں جارہے تھے ) دعوت کے موقع پر 29 اکتوبر 1969ء کو خطاب کرتے ہوئے فرمایا۔قرآن کریم میں خلافت کے دو کام بتائے گئے ہیں ایک ہے تمکین دین اور دوسرا ہے خوف سے حفاظت۔اور قرآن کریم کی رو سے یہ دونوں کام جب تک خلافت ہے کسی اور کے ذریعہ سے سرانجام نہیں پاسکتے۔اس لئے (جس طرح پہلے الہی سلسلوں میں ہمیشہ یہ ہوتا رہا ہے ) جماعت احمدیہ میں بھی مختلف تنظیمیں تمکین دین اور خوف کو امن سے بدلنے کے سامان پیدا کرنے کے لئے بطور ہتھیار کے ہوتی ہیں اور یہ ہتھیار خلیفہ وقت کے ہاتھ میں ہوتا ہے۔ہماری جماعت میں اس وقت مختلف تنظیمیں کام کر رہی ہیں۔مثلاً صدر انجمن احمد یہ ہے۔یہ سب سے پرانی تنظیم ہے اور یہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوۃ والسلام کی زندگی میں بھی موجود تھی۔پھر تحریک جدید ہے۔حضرت مصلح موعود نے دنیا بھر میں اشاعت اسلام کی ضرورت کو محسوس کرتے ہوئے اور جماعت کی جدو جہد کو تیز اور اس کے جہاد بالقرآن میں ایک شدت پیدا کرنے کے لئے تحریک جدید کو قائم کیا۔پھر وقف جدید ہے اسی طرح وقف عارضی کا نظام ہے۔پھر موصیوں کی انجمن ہے۔گو اس کے کام کی بھی ابتداء ہے اور جو اس کی ذمہ داریاں ہیں ان کو نبھانے کے لئے یہ تنظیم بھی انشاء اللہ اپنے وقت پر نمایاں شکل میں سامنے آجائے گی۔خدام الاحمدیہ کے ساتھ مجلس اطفال الاحمدیہ ہے۔اس واسطے میں نے اس کا ذکر نہیں کیا۔پھر لجنہ اماء اللہ کی تنظیم ہے۔یہ تنظیمیں خلیفہ وقت کے ہاتھ میں ایک ہتھیار کی حیثیت میں بڑے ہی مفید کام کرتی رہی ہیں اور اب بھی کر رہی ہیں اور انشاء اللہ آئندہ بھی کرتی رہیں گی۔لیکن ہر تنظیم میں بعض دفعہ وقتی طور پر بعض کمزوریاں بھی آجاتی ہیں۔یہ خلیفہ وقت کا کام ہوتا ہے کہ ان کمزوریوں کو جس طرح وہ مناسب سمجھے اور جس طرح اللہ تعالیٰ کی اسے ہدایت ہو دور کرنے کی کوشش کرے۔بسا اوقات ایک ظاہر بین آنکھ اس کوشش کو دیکھ ہی نہیں سکتی۔جو کسی کمزوری کو دور کرنے کے لئے کی جاتی ہے۔لیکن بہر حال خلیفہ وقت تو کسی وقت بھی اپنی ذمہ داری سے غافل نہیں ہو سکتا خواہ دنیا دیکھے یا نہ دیکھے اور سمجھے یا نہ سمجھے۔" ( مشعل راه جلد دوم صفحه 210-211)