سبیل الرّشاد۔ حصہ اول — Page 167
خدا تعالیٰ کے سامنے کھڑا ہو کر اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِيْنَ اَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ کہتا ہے۔اکیلا نہیں بلکہ ساتھیوں کو ساتھ لے کر کہتا ہے۔تو آج کون ایسا انسان ہو سکتا ہے جو خدا تعالیٰ کے سامنے کھڑا هوكر اهدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ صِرَاطَ الَّذِيْنَ اَنْعَمْتَ عَلَيْهِمْ کہنے سے اور جماعت میں کھڑے ہو کر کہنے سے اپنے آپ کو مستغنی قرار دے۔اگر کوئی شخص اپنے آپ کو اس سے مستغنی قرار دیتا ہے تو وہ اپنے لئے ایک ایسا مقام تجویز کرتا ہے جو مقام خدا تعالیٰ نے کسی انسان کے لئے تجویز نہیں کیا۔پس جو شخص اپنے لئے ایسا مقام تجویز کرتا ہے وہ ضرور ٹھو کر کھائے گا کیونکہ اس قسم کا استغنا عزت نہیں بلکہ ذلت ہے۔ایمان کی علامت نہیں بلکہ وہ شخص کفر کے دروازے کی طرف بھاگا جارہا ہے۔پس تنظیم کے لئے ضروری ہے کہ اپنے متعلقات اور اپنے گردو پیش کی اصلاح کوشش کی جائے ، اسی سے انسان کی اپنی اصلاح ہوتی ہے۔اسی سے قوم میں زندگی پیدا ہوتی ہے اور کامیابی کا یہی واحد ذریعہ ہے۔دعا ئیں بھی وہی قبول ہوتی ہیں جو خدا تعالیٰ کے قانون کے ماتحت کی جائیں۔خدا تعالیٰ نے ہمارے دعا مانگنے کے لئے اهْدِنَا الصِّرَاطَ الْمُسْتَقِيمَ میں جمع کا صیغہ رکھ کر ہمیں بتا دیا ہے کہ اگر تم روحانی طور پر زندہ رہنا اور کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہو تو تمہارے لئے صرف اپنی اصلاح کر لینا ہی کافی نہیں بلکہ اپنے گردو پیش کی اصلاح کرنا اور مجموعی طور پر اس کے لئے کوشش کرنا اور مل کر خدا سے دعا مانگنا ضروری ہے۔چنانچہ اسی غرض کے لئے میں نے مجلس انصار الله، لجنہ اماء اللہ، مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ قائم کی ہیں۔پس میں امید کرتا ہوں کہ مجلس انصار اللہ مرکز یہ اس اجتماع کے بعد اپنے کام کی اہمیت کو اچھی طرح سمجھ کر پوری تندہی اور محنت کے ساتھ ہر جگہ مجالس انصار اللہ قائم کرنے کی کوشش کرے گی تا کہ ان کی اصلاحی کوششیں صرف اپنے تک ہی محدود نہ ہوں بلکہ گردو پیش کی اصلاح کے لئے بھی ہوں اور ان کی کوششیں دریا کی طرف بڑھتی چلی جائیں اور دنیا کے کونے کونے کو سیراب کر دیں۔اب میں دعا کے ذریعہ جلسہ کا افتتاح کرتا ہوں۔خدا کرے مجلس انصار اللہ کا آج کا اجتماع اور آج کی کوششیں بیج کے طور پر ہوں جن سے آگے خدا تعالیٰ ہزاروں گنا اور بیج پیدا کرے اور پھر وہ بیج آگے دوسری فصلوں کے لئے بیج کا کام دیں۔یہاں تک کہ خدا کی روحانی بادشاہت اسی طرح دنیا پر قائم ہو جائے جس طرح کہ اس کی مادی بادشاہت دنیا پر قائم ہے۔آمین خطاب پہلا سالانہ اجتماع انصار الله مورخه ۲۵ / دسمبر ۱۹۴۴ء۔بحوالہ الفضل ۶ راگست ۱۹۴۵ء)