تریاق القلوب

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page 225 of 769

تریاق القلوب — Page 225

روحانی خزائن جلد ۱۵ ۲۲۵ تریاق القلوب بھیجا کہ خدا تعالیٰ نے اس مضمون کو ایک نشان کے رنگ میں ظاہر فرمایا یعنی اس نے ایک تو ذاتی خاصیت اس مضمون میں ایسی رکھی کہ ہر ایک فرقہ کا انسان با وجود مذہبی روکوں کے بے اختیار اس مضمون کی تعریف کرنے لگا اور قریباً پنجاب کی تمام اخبار میں ایک زبان سے بول اُٹھیں کہ جلسہ مذاہب کے تمام مضامین کی جان یہی مضمون ہے اور سول ملٹری جو ایک نیم سرکاری اخبار کبھی جاتی ہے اس نے بھی یہی گواہی دی کہ اسی مضمون کی قبولیت ظاہر ہوئی۔ اور آبزرور نے لکھا کہ یہ مضمون اس لائق ہے کہ انگریزی میں ترجمہ ہو کر یورپ میں شائع کیا جائے۔ اس سے ظاہر ہے کہ کس شوکت اور شان سے یہ پیشگوئی پوری ہوئی جس کی نسبت عیسائیوں اور ہندوؤں اور مسلمانوں اور خود ممبران جلسہ نے اس قدر عظمت اور بے نظیری کا اقرار کیا کہ جس سے بڑھ کر ممکن نہیں اور عجیب تریہ کہ یہ لوگ جانتے تھے کہ ہمارے اس اقرار سے پیشگوئی پوری ہو جائے گی مگر پھر بھی کچھ ایسی وجد کی حالت اُن پر طاری ہوئی کہ بے اختیار ان کے منہ سے یہ کلمات نکل گئے کہ یہی مضمون بالا رہا۔ اور نہایت تعجب میں ڈالنے والی یہ بات ہے کہ جو آریوں میں سے اس جلسہ کے معزز مدارالمہام قرار پائے تھے سب سے اوّل اُنہوں نے ہی یہ کہا کہ یہی مضمون ہے جو دوسرے مضمونوں پر غالب رہا۔ اب میں مناسب دیکھتا ہوں کہ ذیل میں اُس اشتہار کی نقل بھی لکھدوں کہ جو اس جلسہ مذاہب سے پہلے ہزاروں انسانوں میں شائع کیا گیا اور جس میں بآواز بل بتلایا گیا تھا کہ یہی مضمون تمام دوسرے مضمونوں پر غالب رہے گا۔ اور وہ یہ ہے:۔