نجم الہدیٰ

by Hazrat Mirza Ghulam Ahmad

Page xxiv of 550

نجم الہدیٰ — Page xxiv

مجدد تسلیم کر چکا تھا مہدی کے متعلق عقیدہ کا ذکر کیا ہے اور ان کے مقابلہ میں مہدی کی نسبت اپنا اور اپنی جماعت کا عقیدہ تحریر فرمایا ہے اور پھر گورنمنٹ کے سامنے مخلص اور منافق اور خیر خواہ اور بدخواہ کے جاننے کے لئے ایک یہ طریق آزمائش پیش کیا ہے کہ ہم دونوں فریق جہاد اور مہدی کی نسبت جو عقیدہ رکھتے ہیں۔وہ عرب یعنی مکّہ مدینہ وغیرہ عربی بلاد میں اور کابل اور ایران وغیرہ میں شائع کرنے کے لئے عربی اور فارسی میں لکھ کر اور چھاپ کر سرکاری انگریزی کے حوالے کریں تاکہ وہ اپنے اطمینان کے موافق اُسے شائع کرے۔اس طریق سے جو شخص منافقانہ طور پر برتاؤ رکھتا ہے اس کی حقیقت کھل جائے گی۔اور وہ کبھی اپنے عقائد صفائی سے نہیں لکھے گا۔کیونکہ مسلمانوں کے عام خیالات کے خلاف اپنے خیالات کا اسلامی ممالک میں شائع کرنا اس بہادر کا کام ہے جس کا دل اور زبان ایک ہی ہو (صفحہ ۴۴۷،۴۴۸جلد ھٰذا) چنانچہ آپ نے حسب وعدہ عربی زبان میں اپنے عقائد لکھ کر اور اس کا فارسی میں ترجمہ کر کے اس رسالہ کے آخر میں لگا دیئے لیکن منافقانہ کارروائی کرنے والے کو ایسا کرنے کی جرأت نہ ہوئی۔اور یہ رسالہ آپ نے ۲۱؍ فروری ۱۸۹۹ء کو شائع کر دیا۔خاکسار جلال الدین شمس