عید الاضحیہ — Page 2
پیش لفظ مجلس مشاورت 2009 میں دوسری تجویز احباب جماعت کا علمی معیار بڑھانے کے بارہ میں تھی۔اسی سلسلہ میں عید الاضحیہ کے مبارک موقع پر یہ کتا بچہ پیش خدمت ہے۔اس میں نماز عید کا طریق اور اس کے مسائل قربانی کی حقیقت اور اس کے فضائل سے متعلقہ امور بیان کئے گئے ہیں۔اس کتابچہ کا بنیادی مقصد احباب جماعت کو یاددہانی کروانا ہے کہ ہماری تمام عبادتوں اور قربانیوں کا مقصد محض خدا تعالیٰ کی رضا کا حصول ہے۔اور یہ قربانیاں خدا تعالیٰ تک پہنچنے کا ذریعہ ہیں۔حضرت مسیح موعود فرماتے ہیں:۔قربانیاں وہی سواریاں ہیں جو خدا تعالیٰ تک پہنچاتی ہیں۔اور خطاؤں کو محوکرتی ہیں اور بلاؤں کو دور کرتی ہیں۔یہ وہ باتیں ہیں جو ہمیں پیغمبر خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے پہنچیں جو سب مخلوق سے بہتر ہیں اُن پر خدا تعالیٰ کا سلام اور برکتیں ہوں۔“ (خطبہ الہامیہ از روحانی خزائن جلد 16 صفحہ 45) اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہمیں ایسی قربانیوں کی توفیق عطا کرے جو اس کے نزدیک مقبول ٹھہریں اور اس کی محبت اور رضا حاصل کرنے کا ذریعہ بن جائیں۔یہ قربانیاں ہماری تمام خطاؤں کو مٹانے والی ہوں اور تمام بلاؤں کو دور کرنے کا موجب بن جائیں۔آمین