تفسیر کبیر (جلد ۹)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 512 of 704

تفسیر کبیر (جلد ۹) — Page 512

اونچی عمارتیں دیکھی ہیںجو اونچے ٹیلوں پر بنی ہوئی تھیں اوران میں حوض وغیرہ بھی تھے۔اور لوگ یہی کہتے تھے کہ یہ عاد کی بنائی ہوئی عمارتیں ہیں۔یورپ کے لوگ ایک زمانہ میں عاد کے وجود سے ہی انکار کیا کرتے تھے۔اور کہا کرتے تھے کہ عادؔ نام کی کوئی قوم نہیں گزری مگر قریباً نصف صدی سے جب سے کہ عادؔ کے آثار ملے ہیں۔وہ بھی ماننے لگ گئے ہیں کہ عاد ؔ نام کی ایک قوم ہوئی ہے۔بلکہ مشہور عیسائی مؤرخ جرجی ؔ زیدان نے ’’العرب قبل الاسلام ‘‘ میںلکھا ہے کہ عاد کے متعلق مؤرخوں کی سینکڑوں صفحوں کی کتابیں اس سے زیادہ معلومات بیان نہیںکرسکیں جتنے معلومات قرآن کریم نے اپنے چند الفاظ میں بیان کردیئے ہیں۔قرآن کریم بتا تا ہے کہ یہ قوم حضرت نوح ؑ کی قوم کے معاً بعد گزری ہے۔چنانچہ فرماتا ہے وَ اذْكُرُوْۤا اِذْ جَعَلَكُمْ خُلَفَآءَ مِنْۢ بَعْدِ قَوْمِ نُوْحٍ (الاعراف :۷۰)یعنی یاد کرو جب خدا نے تم کو نوح ؑ کی قوم کے بعد اس کا جانشین بنایا۔یہی وجہ ہے کہ خدا تعالیٰ نے پہلے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا ذکر کیا جن کی پیشگوئیوں میں محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بعثت کی خبر دی گئی تھی۔پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام کا ذکر کیا جن سے موسوی سلسلہ کی ابتداء ہوئی۔پھر حضرت نوح علیہ السلام کا ذکر کیا۔کیونکہ حضرت ابراہیم علیہ السلام نوح ؑ کی شریعت کے پیرو تھے جیساکہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے وَاِنَّ مِنْ شِعَتِہٖ لَاِبْرَاھِیْمَ ( الصافات:۸۴)یعنی حضرت ابراہیم ؑ نوح ؑ کی جماعت میں سے ہی تھے۔پس ابراہیم ؑ کے ذکر کے ساتھ اللہ تعالیٰ نے ان کے سلسلہ کے بانی حضرت نوح ؑ کا ذکر فرما دیا۔اور نوح ؑ کے ذکر کے معاً بعد ہود علیہ السلام کا ذکر فرمایا جو قوم عاد کی طرف مبعوث ہوئے تھے۔کیونکہ عاد ہی نے نوح ؑ کی قوم کی جگہ لی تھی۔حضرت ہود علیہ السلام نے اپنی قوم کو توجہ دلائی کہ تم بڑے بڑے ٹیلوں پر اونچی عمارتیں کھڑی کرتے ہو اوراپنی تہذیب اور تمدن کے قیام کے لئے دوسری اقوام کو ظالمانہ طور پر کچل دیتے ہو۔مگر یہ سب باتیں عبث ہیںکیونکہ ان ظاہری نشانوں کے باوجود تمہارے نشان مٹ جائیں گے اور قائم صر ف تقویٰ رہے گا۔تم بڑی بڑی فیکٹریاں اور صنعت گاہیں بناتے ہو اور سمجھتے ہو کہ تمہاری قوم ان کے ذریعہ سے زندہ رہے گی اور اپنی مالی ترقی کے گھمنڈ میں غریبوں پر ظلم کرتے ہو۔مگر یہ جھوٹی عزت تمہارے کسی کام نہیں آئےگی۔فَاتَّقُوا اللّٰهَ وَ اَطِيْعُوْنِ اگر زندہ رہنا چاہتے ہو تو اللہ تعالیٰ کا تقویٰ اختیار کرو اور میری اطاعت کرو۔وَ اتَّقُوا الَّذِيْۤ اَمَدَّكُمْ بِمَا تَعْلَمُوْنَ۔اَمَدَّكُمْ بِاَنْعَامٍ وَّ بَنِيْنَ۔وَ جَنّٰتٍ وَّ عُيُوْنٍ۔اِنِّيْۤ اَخَافُ عَلَيْكُمْ عَذَابَ