تفسیر کبیر (جلد ۹)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 443 of 704

تفسیر کبیر (جلد ۹) — Page 443

اسے گلوکوز کا ٹیکہ کردو۔اور جب ایسا کیا جاتا ہے تو مریض سنبھل جاتا ہے۔پس جتنی بیماریاں انسان کے اندر پیدا ہوتی ہیں وہ خدا تعالیٰ کی نعمتوں کے غلط استعمال کی وجہ سے پیدا ہوتی ہیں۔اگر ان نعمتوں کا صحیح استعمال کیا جائے تو کبھی بیماری پید انہ ہو۔خدا تعالیٰ نے انسان کے فائدہ کے لئے لوہا پید اکیا ہے۔جب تک اس کا صحیح استعمال کیا جائے یہ نہایت فائدہ مندچیز ہے اور ہر قسم کی مشینریاں اس سے تیا رہوتی ہیں جو انسان کو فائدہ پہنچاتی ہیں۔لیکن جب ا س کا غلط استعمال کیا جائے تو یہی چیز نقصان دہ ہوجاتی ہے۔مجھے اپنا بچپن کا ایک واقعہ یاد ہے کہ ہمارے مکانوں کی تعمیر کیلئے سیالکوٹ سے ترکھان آئے ہوئے تھے۔میں ان کو کام کرتے دیکھتا۔اور جب وہ تیشہ چلاتے تو میرے دل میں بھی شوق پیدا ہوتا کہ میں اس کو چلاکر دیکھوں۔وہ تو روزی کمانے کے لئے کام کرتے تھے مگر میں سمجھتا تھا کہ ان کو اس فعل میں مزا آتا ہے اور میں اپنے دل میںکہتا تھا کہ میں کیوں نہ یہ مزا اٹھائوں۔میں نے بہت دفعہ کوشش کی کہ تیشہ چلاکر دیکھو ں لیکن وہ مجھے ہاتھ نہ لگانے دیتے تھے اور کہتے تھے۔زخمی ہو جائو گے۔مگر میں ان کے منع کرنے سے سمجھتا تھا کہ وہ مجھے اس مزے سے محروم رکھنا چاہتے ہیں۔آخر ایک دن میر ا دائو چل گیا وہ لوگ نماز پڑھنے کے لئے مسجد میں گئے ہوئے تھے اور ان کے ہتھیار وہیں پڑے تھے۔میں نے تیشہ اٹھایا اور چلانا شروع کردیا۔مگر پہلی ہی چوٹ لگائی تھی کہ تیشہ میرے ہاتھ پر آلگا اور میں زخمی ہوگیا۔چنانچہ اس زخم کا نشان اب تک موجو د ہے۔اب دیکھو خدا تعالیٰ نے تیشہ اس لئے نہیں بنایا تھا کہ انسان زخمی ہو مگر اس کے غلط استعمال نے میرے ہاتھ کو زخمی کردیا۔اسی طرح اللہ تعالیٰ نے جتنی چیزیں پیدا کی ہیں وہ سب کی سب انسان کے فائدہ کے لئے ہیں۔لیکن ان کے غلط استعمال سے اسے نقصان ہوتا ہے۔مثلاًلڑائی میں دوسرے پر تلوار یا خنجر سے حملہ کیا جاتا ہے جس سے وہ ہلاک ہوجاتا ہے مگر سوال یہ ہے کہ کیا اللہ تعالیٰ نے لوہا اس لئے بنایا تھا کہ دوسرے کے سر پر مارا جائے۔اگر اسی لوہے کو بجائے انسانوں پر استعمال کرنے کے اس سے چاقو اور چھریاں بنائی جائیں اور ان سے ترکاریاں وغیرہ کاٹنے کا کام لیا جائے یا اس کی کلہاڑیاں بنائی جائیں جن سے درخت کاٹے جائیں یا اس سے ہل چلانے والے اوزار بنائے جائیں اور اس کی مشینریاں تیار کی جائیں تو یہ ایک نہایت ہی مفید چیز ہے۔لیکن اگر اسی لوہے کو دوسرے کے سر پر مارا جائے تو اس کا سر پھٹ جائے گا۔پس دنیا میں کوئی چیز بھی ایسی نہیں جس کا اچھا استعمال کیا جائے تو وہ نقصان پہنچائے۔نقصان پہنچانے والی چیز ان نعمتوں کا برا استعمال ہوتا ہے نہ کہ خود وہ نعمتیں۔مثلاً سانپ اور بچھو کا زہر نہایت خطرناک چیز ہے۔مگر ہومیو پیتھک والوں نے کئی قسم کے امراض کے علاج میں اسے استعمال کرنا شروع کردیا ہے اور اسے نہایت مفید پایا ہے۔جن مریضوں کے ناخن پھٹ جاتے ہیںان کو سانپ کا زہر