تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 427 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 427

طرف واپس لوٹا اور عبداللہ بن ابی ابن سلول اندر داخل ہونے لگا تو اس کا بیٹا اپنی سواری سے کود کر اپنے باپ کے سامنے جاکر کھڑا ہو گیا اور اس نے تلوار اپنی میان سے نکال لی اور باپ سے کہا تمہیں یاد ہے تم نے وہاں کیاا لفاظ کہے تھے تم نے کہا تھا کہ مدینہ کا معزز ترین انسان میں ہوں اور مدینہ کا ذلیل ترین انسان نعوذبا للہ محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے۔خدا کی قسم میں تمہیں اس وقت تک مدینہ میںداخل نہیں ہونے دوں گا جب تک تم میرے سامنے یہ اقرار نہ کرو کہ مدینہ کا ذلیل ترین انسان میں ہوںاور مدینہ کا معزز ترین انسان محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہے ورنہ میں اسی تلوار سے تمہارا سراڑادوں گا۔عبداللہ نے جب یہ نظارہ دیکھا کہ اس کا بیٹا اس کے سامنے تلوار لے کر کھڑاہے اور وہ کہتا ہے کہ کہو میں مدینہ کا ذلیل ترین انسان ہوں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ کے معززترین انسان ہیں تو اس کا دل لرز گیا اور اس نے سمجھ لیاکہ اگر آج میں نے یہ الفاظ نہ کہے تو میرے بیٹے کی تلوار میرا خاتمہ کئے بغیر نہ رہے گی۔چنانچہ اس نے اپنے تمام دوستوں اور ساتھیوںکے سامنے جن میں وہ اپنی بڑائی کے گیت گا یا کرتاتھا اقرارکیا کہ میں مدینہ کا ذلیل ترین انسان ہوں اور محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ کے معززترین انسان ہیں اور پھر اس نے اپنے باپ کو شہر میں داخل ہونے کے لئے رستہ دیا۔اس سے زیادہ بھلا يَاْتِيْنَا فَرْدًا کی صداقت کی اور کیا دلیل ہوسکتی ہے کہ وہ بیٹے جن پر ناز کیا کرتے تھے وہ ان سے چھینے گئے اوران کے بیٹے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بیٹے بن گئے اسی طرح ابو جہل کا بیٹا محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کابیٹا بنا۔عاص کا بیٹا(عمر وبن العاص)محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا بیٹا بنا۔ولید کا بیٹا خالد آپ کا بیٹا بنا۔ابوسفیان کا بیٹا معاویہ آپ کا بیٹا بنا۔یہ وہ لوگ تھے جو اپنی اولادوں پر فخر کیا کرتے تھے۔اپنے مال اوردولت پر فخر کیا کرتے تھے مگر خدا تعالیٰ نے ان کا مال بھی ان سے لے لیا اور ان کی اولادیں بھی ان سے لے لیں۔اسی طرح فرماتا ہے آئندہ بھی ایسا ہی ہوگا۔وَ نَرِثُهٗ مَا يَقُوْلُ وَ يَاْتِيْنَا فَرْدًا نہ مال ان کے پا س رہیں گے نہ اولادیں ان کے کام آئیںگی۔نہ خوشامدی ان کے ارد گرد رہیں گے۔یہ ساری چیزیںہم لےکر اپنے مومن بند وں کو دے دیںگے اور یہ لوگ لنڈورے کے لنڈورے رہ جائیںگے۔