تفسیر کبیر (جلد ۷)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 154 of 658

تفسیر کبیر (جلد ۷) — Page 154

ادھیڑ عمر اور بڑھاپے میں سے بڑھاپے کو چھوڑ کر باقی تینوں زمانوں کے لئے غلام کا لفظ بولا جاتا ہے۔سَمِیٌّ سَمِیٌّ کے معنے ہم نام کے بھی ہوتے ہیں۔اورسَمِیٌّ کے معنے نظیر اور مثل کے بھی ہوتے ہیں۔(اقرب) تفسیر۔دعا مانگنے والا خدا تعالیٰ کا ایک برگزیدہ انسان زکریا تھا جس نے اللہ تعالیٰ سے ایک کامل دعا مانگی۔اب دوسرے کامل کی قبولیت کو دیکھو۔اللہ تعالیٰ فرماتا ہے سنو اے زکریا! ہم تمہیں ایک بچہ کی بشارت دیتے ہیں جو ادھیڑ عمر تک پہنچے گا مگر بڑھاپا نہیں دیکھے گا۔اسْمُهٗ يَحْيٰى اور اس کا نام یحییٰ ہوگا۔یہ بات ظاہر ہے کہ پیدائش سے پہلے نام نہیں رکھا جاتا بلکہ پیدائش کے بعد نام رکھا جاتا ہے۔پس اسْمُهٗ يَحْيٰى کے معنے یہ ہیں کہ جب وہ پیدا ہو تو تم اس کا نام یحییٰ رکھنا۔یہ مطلب نہیں کہ بچہ پیدا ہوتے ہی کہنا شروع کر دے گا کہ میرا نام یحییٰ ہے۔یحییٰ کے متعلق یہ امر بھی یاد رکھنا چاہیے کہ قرآن کریم میں تو ان کا نام یحییٰ آتا ہے لیکن اردو بائبل میں یحییٰ کی بجائے یوحنا نا م لکھا ہے۔عبرانی اور یونانی زبان میں انہیں JOHN اور JHANAN بھی کہتے ہیں انگریزی بائبلوں میں ان کا نام JOHNلکھا ہے۔عبرانی کے متعلق تو مجھے معلوم نہیں کہ یوحنا کے کیا معنے ہیں لیکن عربی میں یہ بامعنی لفظ ہے اور یحییٰ کے معنے ہیں وہ شخص جو زندہ رہتا ہے پس اسْمُهٗ يَحْيٰى میںاس طرف اشارہ کیا گیا تھا کہ یہ بچہ زندہ رہے گا تم اس کا نام یحییٰ رکھنا یا اس کی صفت یحییٰ ہوگی اور ہمیشہ زندہ رہنے والا ہوگا۔قرآن کریم سے پتہ لگتا ہے کہ شہداء ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔اس لحاظ سے یحییٰ نام میں یہ پیشگوئی کی گئی تھی کہ یہ خدا تعالیٰ کی راہ میں شہید ہوگا اور ایسے اعلیٰ درجہ کا روحانی مقام رکھے گا۔کہ دنیا میں اس کا نام ہمیشہ زندہ رہے گا چنانچہ یہ واضح بات ہے کہ مسیح جیسا نبی کبھی مر نہیں سکتا اور جب مسیح مر نہیں سکتا تو جس کی نبوت مسیح سے وابستہ ہے وہ بھی کبھی مر نہیں سکتا۔مسیح اس لئے نہیں مر سکتا کہ وہ ایک نہ مرنے والے نبی محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارہاص تھا اور یوحنا اس لئے نہیں مر سکتا کہ وہ مسیح کا ارہاص تھا۔جو خود ایک نہ مرنے والے نبی کا ارہاص تھا چنانچہ دیکھ لو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے کہ اب تک ایک لاکھ چوبیس ہزارا نبیاء گزرے ہیں۔(مسند احمد بن حنبل بروایت ابی عمامہ الباھلی)مگر ہمیں تو سو نبیوں کا بھی علم نہیں باقی سب مر گئے ہیں پس نبی کے لئے یہ ضروری نہیں ہوتا کہ وہ ہمیشہ زندہ رہے بعض زندہ رہتے ہیں اور بعض مر جاتے ہیں۔حضرت یحییٰ ؑان نبیوں میں سے ہیں جو ہمیشہ کے لئے زندہ رکھے گئے ہیں کیونکہ ان کی نبوت مسیح ؑ کے ساتھ وابستہ تھی اور مسیح ؑ اس لئے نہیں مر سکتے کہ ان کی نبوت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ وابستہ تھی جو ہمیشہ کےلئے زندہ رہنے والے نبی ہیں۔لَمْ نَجْعَلْ لَّهٗ مِنْ قَبْلُ سَمِيًّا۔سَمِیٌّ کے معنے ہوتے ہیں اسی قسم کا نام رکھنے والا یعنی ہم اسم۔اور سَمِیٌّ کے معنے