تفسیر کبیر (جلد ۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 372 of 637

تفسیر کبیر (جلد ۴) — Page 372

ایک ادنیٰ غور سے یہ بات معلوم ہوسکتی ہے کہ بغیر ایک کامل نظام کے اس حکم پر عمل نہیں ہوسکتا۔ایک مومن اپنے پاس کے مومنوں کو تو نصیحت کرسکتا ہے لیکن وہ سب دنیا کے مومنوں کو بغیر نظام کے کس طرح نصیحت کرسکتا ہے۔صرف مکمل نظام ہی ہے جس کے ذریعہ سے انسان اپنے گھر بیٹھا سب مسلمانوں کی خبر رکھ سکتا ہے کیونکہ جب وہ نظام کے قیام میں مدد دیتا ہے خواہ روپیہ سے وقت سے قلم سے زبان سے یا دماغ سے تو وہ اس نظام کا ایک حصہ ہو جاتا ہے اور اس نظام کے ذریعہ سے جہاں جہاں بھی کام ہوتا ہے اس میں وہ شریک ہوتا ہے۔نظام جماعت احمدیہ اس وقت احمدی جماعت ہی نظام کے ماتحت ہے اور دیکھ لو کہ وہی تبلیغ اسلام دنیا کے مختلف ممالک میں کر رہی ہے۔ایک پنجاب کے گاؤں کا زمیندار یا ایک افغانستان کے ایک گوشہ میں بسنے والا افغان جو جغرافیہ سے محض نابلد ہے جب اپنی کمائی کا ایک حصہ خزانہ سلسلہ میں ادا کرتا ہے تو وہ نہ صرف اپنے ذاتی فرض کو ادا کرتا ہے بلکہ اس طرح وہ یورپ امریکہ سماٹرا جاوا افریقہ وغیرہ مختلف براعظموں اور ملکوں میں تبلیغ اسلام کا جو کام ہورہا ہے اس میں شریک ہو جاتا ہے اور اس حکم کی ذمہ داری سے ایک حد تک سبکدوش ہو جاتا ہے۔اولاد کی تربیت اس آیت میں آئندہ اولاد کی درستی اور اس کی تربیت کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے۔مگر افسوس ہے کہ اس امر کی طرف بہت کم لوگ توجہ رکھتے ہیں۔بیہقی نے شعب الایمان (الجزء الثانی صفحہ ۴۷۲،۴۷۳ ذکر سورۃ ھود)میں ابوعلی سری سے روایت کی ہے کہ ابوعلی نے کہا رَاَیْتُ رَسُوْلَ اللہِ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فِی الْمَنَامِ فَقُلْتُ یَا رَسُوْلَ اللہِ رُوِیَ عَنْکَ اَنَّکَ قُلْتَ شَیَّبَتْنِیْ ھُوْدٌ قَالَ نَعَمْ قُلْتُ مَاالْذِیْ شَیَّبَکَ مِنْہُ قَصَصُ الْاَنْبِیَاء وَھَلَاکُ الْاُمَمِ قَالَ لَا وَلٰکِنْ قَوْلُہٗ فَاسْتَقِمْ کَمَا اُمِرْتَ میں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا اور عرض کی یا رسول اللہ! لوگ کہتے ہیں کہ آپؐ نے فرمایا ہے مجھے سورہ ہود نے بوڑھا کر دیا۔آپؐ نے فرمایا ہاں! اور میں نے عرض کی کس بات نے آپ ؐ کو بوڑھا کر دیا کیا انبیاء کے قصوں اور امتوں کی ہلاکت نے؟ آپؐ نے فرمایا نہیں بلکہ آیت فَاسْتَقِمْ كَمَاۤ اُمِرْتَ نے مجھے بوڑھا کر دیا اور دارمی نے اور ابوداؤد نے اپنی مراسیل میں اور بیہقی نے شعب الایمان میں کعبؓ سے روایت کی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا اِقْرَءُوْا ھُوْدًا یَوْمَ الجُمعَۃِ سورہ ہود کو جمعہ کے دن پڑھا کرو۔اس سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ یہ آیت نظامِ جماعت کے ساتھ تعلق رکھتی ہے کیونکہ جمعہ کا دن بھی اجتماع کا دن ہوتا ہے۔