تفسیر کبیر (جلد ۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 295 of 637

تفسیر کبیر (جلد ۴) — Page 295

سامری زبان عربی زبان کی ایک شاخ تھی نہ کہ اصل یورپ کی تحقیقات سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ ابتداء میں ایک زبان سامری نام کی تھی۔اس سے عربی زبان نکلی اور پھر اس کےاندر مختلف تغیرات سے اور زبانیں پیدا ہوگئیں اور یہ بھی تسلیم کیا گیا ہے کہ سامری زبان عرب کے جنوب میں بولی جاتی تھی مگر حق یہ ہے کہ عراق اور عرب کی مختلف زبانیں درحقیقت عربی زبان کی شاخیں ہیں۔اَنْشَاَكُمْ کے معنی هُوَ اَنْشَاَكُمْ مِّنَ الْاَرْضِ کا یہ مطلب نہیں کہ ان کو زمین سے پیدا کیا تھا کیونکہ زمین سے پیدائش صرف حضرت آدمؑ کے زمانہ میں ہوئی تھی۔بعدازاں سلسلہ تناسل جاری کیا گیا۔اس آیت کا مطلب یہ ہے کہ تم ادنیٰ تھے۔زمینی تھے اور لوگوں کی نظروں میں ذلیل تھے خدا نے تم کو اٹھایا ترقی دی اعلیٰ بنایا حکومت عطا کی۔پس زمین سے پیدا کرنے کے الفاظ سے مقصود ادنیٰ حالت سے ابھارنے اور اٹھانے پر زور دینا ہے۔فرماتا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے تم کو ادنیٰ حالت سے ترقی دے کر زمین میں تہذیب و شائستگی کے پھیلانے کا کام سپرد کیا۔پس چاہیےکہ اس عظیم الشان ذمہ داری کو دیکھتے ہوئے اپنی خطاؤں پر استغفار کرو تاکہ اگر تم سے اپنے فرائض کی ادائیگی میں کوئی نقص رہ گیا ہو تو اللہ تعالیٰ معاف فرمائے۔اس صورت میں اللہ تعالیٰ تم پر اور بھی فضل کرے گا۔انسان اپنی ترقی کے لئے ہر آن خدا کے فضل کا محتاج ہے اس آیت میں یہ نکتہ بیان کیا گیا ہے کہ ہر چیز اپنی اصل کی طرف رجوع کرتی رہتی ہے۔پس انسان کو یاد رکھنا چاہیےکہ اس کی پیدائش کی بنیاد کمزوری پر ہے۔اور اس کی ترقی اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہوتی ہے۔پس چاہیےکہ اس کی طرف رجوع کرتا رہے۔تاکہ اس سے تازہ بتازہ فیضان حاصل کرکے اپنی ترقی کو قائم رکھ سکے۔ورنہ قطع تعلق کی صورت میں وہ آپ ہی آپ پھسل کر اپنی ابتدائی حالت کی طرف لوٹ جائے گا۔قَرِيْبٌ مُّجِيْبٌکے معنی قَرِیْبٌ کہہ کر بتایا ہے کہ اگر اس کے پیغام کا انکار کروگے تو وہ بہت جلد سزا بھی دے سکتا ہے۔کیونکہ اس کی افواج کے آنے میں دیر نہیں لگتی۔اور مُـجِیْبٌ کے لفظ سے اس طرف اشارہ کیا ہے کہ شاید کسی کو خیال ہو کہ گو وہ قریب ہے لیکن وہ بندوں کے کاموں میں دخل نہیں دیتا۔مگر یہ خیال غلط ہوگا وہ بندوں کے کاموں میں دخل دیتا ہے اور جو لوگ اسے پکارنے والے ہوں ان کی دعاؤں کو سنتا ہے اور ان کی پکار پر ان کی امدا دکے لئے فوراً آتا ہے۔