تفسیر کبیر (جلد ۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 83 of 657

تفسیر کبیر (جلد ۱) — Page 83

مکہ فتح ہو گا اور انہیں اس کی ظاہری باطنی صفائی کا موقع مل جائے گا۔خلاصہ رکوع ۲۰ اس رکوع میں خاص طور پر آیات کا لفظ استعمال فرما کريَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰيٰتِكَ (البقرۃ:۱۳۰) کی طرف اشارہ فرمایا ہے اور بتایا ہے کہ جو باتیں ہم پہلے بیان کر آئے ہیں وہ یونہی نہیں بلکہ زمین و آسمان کی پیدائش اور رات دن کے اختلاف اور قانون قدرت کے تمام مظاہروں سے ان کی تصدیق ہوتی ہے یعنی اوّل تو قانونِ قدرت ایک روحانی قانون کے وجود اور اس کے ارتقاء کے ساتھ مکمل ہونے پر دلالت کرتا ہے۔دوسرے خود محمد ؐرسول اللہ کی تائید میں تم آسمان و زمین اور رات اور دن اور بادلوں اور ہوائوں اور خشکی اور تری کے سامانوں کو دیکھو گے اور تم کو معلوم ہو جائے گا کہ یہ شخص خدا تعالیٰ کا پیارا ہے تبھی تو سب کائنات اس کی تائید میں لگی ہوئی ہے ورنہ جو شخص اللہ تعالیٰ کو چھوڑ کر ایک نئی راہ تجویز کرتا ہے وہ تو ذلیل ہوا کرتا ہے اس رکوع میں آیات پڑھ کر سنانے کے مضمون کو ختم کیا گیا ہے۔خلاصہ رکوع ۲۱ اس رکوع سے ابراہیمی پیشگوئی کے دوسرے پہلو کو لیا ہے یعنی شریعت اور اس کی حکمتوں کے بیان کو اور سب سے پہلے حلال اور طیّب کھانے کی تعلیم دی ہے کیونکہ انسانی اعمال اس کی ذہنی حالت کے تابع ہیں اور ذہنی حالت غذا سے متاثر ہوتی ہے۔حلال وہ ہے جس کی شریعت اجازت دے اور طیّب وہ جس کی اصول صحت اور رواج ملکی اور ذوق صحیح اجازت دے۔ممنوع غذائوں کے بارہ میں چار اصول بتائے کہ وہ غذائیں استعمال نہ کرو جو مردار ہوں یعنی ان میں سڑاندھ شروع ہو گئی ہو یا جو خون کی مانند ہوں یعنی زہروں پر مشتمل ہوں یا جو سورٔ کے گوشت کی طرح ہوں کہ وہ بداخلاق جانور ہے اور اس کے استعمال سے انسان اس کے اخلاق کو قبول کر لیتا ہے یا جو بے غیرتی پیدا کرنے والی ہوں جیسے مشرکانہ رسوم کے کھانے وغیرہ وغیرہ۔خلاصہ رکوع ۲۲ اس رکوع میں اسلامی تعلیم کا خلاصہ بیان کیاہے کہ اللہ۔یوم آخر۔کتب سماویہ۔اور انبیاء پر ایمان لانا ضروری ہے تا کسی سچائی کا انکار نہ ہو اور بندوں سے حسن سلوک بھی ضروری ہے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت اور قومی چندے بھی ضروری ہیں اور اخلاق حسنہ صبر اور ایفائے عہد بھی ضروری ہیں اور انصاف کا قیام اور اپنے رشتہ داروں کی جائز مدد اور قوانینِ تمدن کا قیام بھی ضروری ہے جس کے اہم قانونوں میں سے ایک قانون وراثت بھی ہے۔خلاصہ رکوع ۲۳ اخلاقی قانون کو پورا کرنے کے لئے ظاہری ریاضت بھی ضروری ہے چنانچہ اس کے لئے اسلام نے روزے مقرر کئے ہیں اس سے اخلاق درست ہوتے ہیں اور دعائوں کی توفیق ملتی اور ان میں اثر پیدا ہوتا ہے۔