تفسیر کبیر (جلد ۱) — Page 33
الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِۙ۰۰۳ بے حد کرم کرنے والا بار بار رحم کرنے والا (ہے)۔حلّ لُغات رَحْمٰن اور رَحِیْم کے لئے دیکھیں لغت سورۃ ہذاآیت نمبر ۱۔تفسیر۔الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۔ان الفاظ کے معنی بِسْمِ اللّٰہِ میں بیان ہو چکے ہیں۔بعض لوگ اعتراض کرتے ہیں کہ ان دونوں صفات کا ذکر بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ میں ہو چکا ہے پھر ان کو دُہرایا کیوں گیا ہے؟ اس کا جواب یہ ہے کہ بِسْمِ اللّٰہِ میں ایک مستقل مضمون بیان ہوا ہے اور وہ ہر سورۃ کی کنجی ہے۔اس لئے سورۃ کے مضمون میں اگر اپنے موقع پر انہی صفات کو دوبارہ بیان کیا جائے تو یہ امر تکرار نہیں کہلا سکتا۔چنانچہ یہاں بھی اسی حکمت سے ان صفات کو دُہرایا گیا ہے۔رَبِّ الْعٰلَمِيْنَ میں یہ مضمون بتایا گیا تھا۔کہ خدا تعالیٰ پیدا کر کے آہستہ آہستہ اور درجہ بدرجہ اعلیٰ ترقیات تک پہنچاتا ہے۔آیت زیر تفسیر میں اَلرَّحْـمٰنِ الرَّحِيْمِ کے الفاظ سے طریق ربوبیت بتایا ہے اور وہ یہ کہ (۱) اللہ تعالیٰ رحمٰن ہے اس نے ہر چیز کے لئے ایسے سامان پیدا کئے ہیں جواس کی ترقی میں ممد ہوتے ہیں اور باریک درباریک سامان پیدا کر کے مخفی در مخفی قوتوں کو قوتِ ظہور عطا فرمائی ہے اور ترقی کے ذرائع بہم پہنچائے ہیں۔انسان، حیوان، نباتات، جمادات سب اپنے گرد و پیش سے متاثر ہو رہے ہیں اور اپنے قیام یا اپنی تکمیل کے سامان حاصل کر رہے ہیں (۲) وہ رَحِیْم ہے پس جب کوئی مخلوق اپنے فرائض کو اچھی طرح ادا کرتی ہے تو اس کی قدر دانی کی جاتی ہے اور اس پر خاص فضل کیا جاتا ہے اور مزید ترقی کی اس میں اُمنگ پیدا کی جاتی ہے اور اسی طرح یہ سلسلہ لامتنا ہی طور پر چلا جاتا ہے۔الرَّحْمٰنِ۔لفظ الرَّحْـمٰن کا اطلاق ایسی صفت ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا اس کا استعمال دوسروں پر نہیں ہوتا سوائے اضافت کے۔جیسا کہ مسیلمہ کذاب اپنے آپ کو رَحْمٰنِ یَمَامَہکہلواتا تھا۔لفظ رحمٰن میں کفارہ کا ردّ اس کے معنی جیسا کہ بتایا جا چکا ہے بلا مبادلہ اور بلا استحقاق رحم کرنے کے ہیں اور اس مفہوم میںکفارہ کا ردّ پایا جاتا ہے کیونکہ کفارہ کی بنیاد اس خیال پر ہے کہ اللہ تعالیٰ بلااستحقاق رحم نہیں کر سکتا۔مسیحیوں کو اس کا اس قدر احساس ہے کہ عرب کے نصاریٰ بھی جب اپنی تصنیفات یا خطوں پر خدا تعالیٰ کا نام لکھتے ہیں تو بسم اللہ کے بعد اور صفات کا ذکر کر دیتے ہیں رَحْمٰنکا لفظ استعمال نہیں کرتے سوائے ایسے شخص کے جو اسلامی تمدن سے متاثر ہو۔مثلاً یہ لکھ دیں گے۔بِسْمِ اللّٰہِ الْکَرِیْمِ الرَّحِیْم یا اور کوئی صفت بیان کر دیںگے۔رَحْمٰن کا