تفسیر کبیر (جلد ۱۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 63 of 534

تفسیر کبیر (جلد ۱۵) — Page 63

کن اصولوں پر مبنی ہے۔لیکن قرآن کریم نے بعث بعد الموت کے ثبوت بھی دیئے ہیں۔اس کی حکمتیں بھی بیان کی ہیں۔اخروی زندگی کے مقاصد بھی بیان کئے ہیں۔جزا و سزا کی اغراض بھی بیان کی ہیں۔ان کی حکمتیں بھی بیان کی ہیں۔جنت و دوزخ کی صحیح تفصیلات بھی بیان کی ہیں۔غرض آیات الٰہیہ کے بیان کرنے میںمحمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو جو کوثر ملا ہےوہ ایک ثابت شدہ حقیقت ہے۔اسے معیّن طور پر بتایا جا سکتا ہے اور سب مذاہب پر اسلام کی اور سب نبیوں پر محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی فضیلت ثابت کی جا سکتی ہے۔میں اوپر بتا چکا ہوں کہ يَتْلُوْا عَلَيْهِمْ اٰيٰتِكَ میں ان دلائل عقلیہ کی طرف بھی اشارہ ہے جو اللہ تعالیٰ کی شناخت اور دین کے امور مہمہ کے سمجھانے کے لئے ضروری ہیں اور ان معجزات و نشانات کی طرف بھی اشارہ ہے جو عقلی دلائل کو مشاہدہ اور یقین کامل کا رنگ بخشتے ہیں۔اب ہم دیکھتے ہیں کہ جہاں قرآن کریم نے دلائل عقلیہ اور نقلیہ سے امور دینیہ مہمہ کے ثبوت میں ایک سیر کن بحث کی ہے وہاں اس نے ان مسائل کے ثبوت کے لئےوہ معجزات و نشانات بھی پیش کئے ہیں جن کو دیکھنے کے بعد اور جن پر غور کر نے کے بعد انسان کا علم ذہنی، علم عینی اور یقینی بن جاتا ہے اور اس طرح رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زبردست فضیلت انبیاء سابقین پر ثابت کر دی ہے۔آنحضرتؐکا سب سے بڑا معجزہ آپ کا خاتم النبیین ہونا ہے سب سے بڑا معجزہ جو اس سلسلہ میں اللہ تعالیٰ نے محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو عطا فرمایا ہے وہ آپ کا خاتم النبیین ہو نا ہے یعنی تمام کمالاتِ نبوت آپ پر ختم کر دیئے ہیں۔یاد رکھنا چاہیے کہ ختم نبوت محض ایک دعویٰ نہیں جیسا کہ مسلمان عوام خیال کرتے ہیں بلکہ یہ ایک حقیقت ثابتہ ہے جسے نشان کے طور پر ہرہر زمانہ کے لوگ دیکھ اور پرکھ سکتے تھے۔ظاہر ہے کہ جو معنے عوام میں خاتم النبیین کے مشہور ہیں وہ تو ایسے معنے ہیں کہ شاید قیامت کے دن کسی پر حجت ہوں تو ہوں اس سے پہلے کسی غیرمسلم سے وہ دعویٰ نہیں منوایا جا سکتا۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی زندگی میں اگر یہود و نصاریٰ سے یہ کہا جاتا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین ان معنوں میں ہیں کہ آپ کے بعد کوئی نبی نہ آئے گا تو اس کی کیا دلیل ان کے سامنے پیش کی جا سکتی تھی اوروہ اسے کب مان سکتے تھے۔ظاہر ہے کہ فضیلت تو وہ ہوتی ہے جسے ثابت کیا جا سکے۔جسے ثابت نہ کیا جا سکے وہ فضیلت کیا ہوئی۔ختم نبوت کا دعویٰ مسلمانوں کے عقیدہ کے مطابق رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان نبوت میں سے سب سے بڑا دعویٰ ہے۔اگر سب سے بڑا دعویٰ ثابت نہ ہوسکے تو بڑائی کس طرح ثابت ہو گی۔صحابہ ؓ کا نصاریٰ یا یہود سے یہ کہنا کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو تمہارے نبیوں پر یہ فضیلت ہے کہ آپ