تفسیر کبیر (جلد ۱۵)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 59 of 534

تفسیر کبیر (جلد ۱۵) — Page 59

کے دلائل دینا ثابت کرتا ہے کہ ان کے پیرؤوں نے خدا تعالیٰ کو کوثر دیا ہے نہ یہ کہ خدا تعالیٰ نے ان کو کوثر دیا ہے۔لیکن قرآن کریم جب بھی کوئی بات پیش کرتا ہے ساتھ ہی اس کے دلائل بھی دیتا ہے اور یہ ایک بہت بڑا فرق ہے جو قرآن کریم اور دوسری کتب میں ہے۔قرآن کریم صرف خدا تعالیٰ کے وجود کو ہی پیش نہیں کرتا بلکہ بنی نوع انسان کو اس کی ہستی کے دلائل بھی دیتا ہے اور ایسے ثبوت پیش کرتا ہے جن کا انکار کوئی سلیم الفطرت انسان نہیں کر سکتا لیکن دوسری کتب میں ہستی باری تعالیٰ پر کوئی دلیل نہیں۔اسی طرح اللہ تعالیٰ کی صفات ہیں۔صرف یہ کہہ دینا کہ ہمارا رب رحیم ہے، دیالوہے، کرپالوہے۔خدا تعالیٰ کی صفات کا حقیقی نقشہ نہیں کہلاسکتا۔یہ تو محض دنیوی خیالات کا بھی نتیجہ ہو سکتا ہے اگر سن لیا کہ لوگ سخی کو اچھا سمجھتے ہیں تو کہہ دیا کہ خدا تعالیٰ دیا لو ہے۔اگر سن لیا کہ لوگ حسن سلوک کو اچھا جانتے ہیں تو کہہ دیا خدا تعالیٰ کرپالو ہے۔اصل چیز تو یہ ہے کہ صفاتِ الٰہیہ کی صحیح تشریح کی جائے اور ان کا باہمی تعلق واضح کیا جائے۔مثلاً تورات میں خدا تعالیٰ یہ تو کہتا ہے کہ میں سزا دوں گا مگر وہ کیوں سزا دیتا ہے اس کے متعلق تورات خاموش ہے اور پھر اگر وہ سزا دیتا ہے تو رحم کرنے والا کیسے ہوا؟ اور اگر رحم کرتا ہے تو پھر سزا دینے والا کیسے ہوا؟ ان دونوں صفات کا باہمی ربط کیا ہے؟ اس کے متعلق وہ بالکل خاموش ہے۔یہ صرف قرآن کریم ہی ہے جس نے ہمیں تفصیل کے ساتھ صفاتِ الٰہیہ کا علم دیا ہے اور تفصیل کے ساتھ خدا تعالیٰ کی ہستی کے دلائل دیئے ہیں۔میں دوسرے مذاہب والوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ وہ خدا تعالیٰ کے وجود کی کوئی ایک دلیل ہی اپنی کتاب سےنکال دیں مگر وہ ایسا کبھی نہیں کر سکیں گے اور اگر ان کے ماننے والے اپنے پاس سے خدا تعالیٰ کے وجود کی دلیلیں دیتے ہیں خود کتاب کوئی دلیل نہیں دیتی تو یہ بندوں کا خدا تعالیٰ پر احسان ہوا۔نہ کہ خدا تعالیٰ کا بندوں پر احسان۔ملائکۃ اللہ (۲) ملائکہ کو لو تو دوسری کتابوں میں ملائکہ کا ذکر بے شک آتا ہے مگر یہ کہ ان کا کام کیا ہے اللہ تعالیٰ نے فرشتے کیوں بنائے ہیں۔ان کا اور خدا تعالیٰ کا اور ان کا اور بندوں کا تعلق کیسا ہے؟ ان سوالات پر ان کتب نے کوئی روشنی نہیں ڈالی۔لیکن قرآن کریم ایک ایسی کتاب ہے جو صرف ملائکہ پر ایمان لانے کی ہی ہدایت نہیں دیتی بلکہ ساتھ ہی یہ بھی بتاتی ہے کہ ملائکہ کیوں بنائے گئے ہیں اور ان کی ضرورت کیا ہے۔آخر خدا تعالیٰ خود بھی کام کر سکتا تھا۔فرشتوں کے بنانے کی ضرورت اسے کیوں پیش آئی۔اسی طرح وہ ان کے کام بتاتا ہے۔ان کے وجود کے دلائل دیتا ہے، ان کا اور خدا تعالیٰ کا تعلق واضح کرتا ہے، ان کا اور بندوں کا تعلق بیان کرتا ہے۔غرض ملائکۃ اللہ کا مسئلہ بھی صرف قرآن کریم نے ہی حل کیا ہے کسی اور کتاب نے اسے چھوا تک نہیں۔