تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 572 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 572

وہاں گندے سے گندے افعال دیکھتی ہیں۔سینماؤں میں مرد عورت کو بوسہ دیتے ہیں۔اسلام نے تو یہاںتک تعلیم دی ہے کہ جس وقت میا ں بیوی آرام سے بیٹھے بات چیت کررہے ہوں تواس وقت ان کا اپنا بچہ بھی آواز دے کر اندر آئے۔مگر یہاں تو ایکٹروں کے بچے نہیں غیروں کے بچے ہوتے ہیں۔سینما میں گندے سے گندے افعال کئے جاتے ہیں بوسے دیئے جاتے ہیں۔مگر پھر بھی شریعت اسلامیہ کے نعرے لگائے جاتے ہیں یہ کیسی پاگل پن کی بات ہے منہ سے تو اقرار کیا جاتا ہے مگر عمل کوئی نہیں۔پس تکذیب دین کے الفاظ سے یہ نہیں سمجھا جاسکتا کہ یہاں کفار کا ذکر ہے مسلمانوں پر بھی ایسا دن آ سکتا ہے اور آج کل آیا ہوا ہے۔انہی کو مخاطب کر کے فرماتا ہے کہ ایسے لوگ لعنتی ہیں۔نمازیں بھی پڑھتے ہیں اور ایسی حرکتیں بھی کرتے ہیں۔ایسے لوگ اگر اسلام سے ہی انکار کر دیتے تو یہ بہتر تھا کم از کم محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو بدنام نہ ہو تے۔اب تو سارا الزام آپ پر آتا ہے۔پس فاء نے یہ بتا دیا کہ پہلا ذکر بھی مسلمانوں کا ہے ابو جہل کا نہیں۔ابو جہل تو نمازیں نہیں پڑھا کرتا تھا۔اَلْمُصَلِّیْنَ پر اَلْ معہود ذکری ہے اور اس کے یہ معنے ہیں کہ لعنت ہے ان مسلمانوں پر جن کا پہلے ذکر آ چکا ہے۔اب سوال یہ پیدا ہو تا ہے کہ نمازیوں پر لعنت کیوں؟ نماز پڑھنے کا یہ نتیجہ تو نہیں نکلتا جو یہاں بتایا گیا ہے قرآن کریم میں دوسری جگہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے اِنَّ الصَّلٰوةَ تَنْهٰى عَنِ الْفَحْشَآءِ وَ الْمُنْكَرِ(العنکبوت:۴۶)۔کہ نماز برائیوں اور بدیوں سے بچاتی ہے۔لیکن یہاں فرماتا ہے وَیْلٌ لِّلْمُصَلِّیْنَ کہ نمازیوں پر خدا تعالیٰ کی لعنت ہو۔سو اس کا جواب اگلی آیت میں دیا گیاہے۔الَّذِيْنَ هُمْ عَنْ صَلَاتِهِمْ سَاهُوْنَۙ۰۰۶ جو اپنی نمازوں سے غفلت برتے ہیں۔حلّ لُغات۔سَھَا کے دو صلے آتے ہیں۔(۱) فِیْ (۲) عَنْ۔جب سَھٰی فِی الصَّلٰوۃِ کہیں تو معنے یہ ہوتے ہیں۔اس نے اپنی نماز کا کچھ حصہ غلطی سے چھوڑ دیا۔یا زیادہ کر دیا۔لیکن سَھَا عَنْہُ اس وقت استعمال ہوتا ہے جب جان بوجھ کر کوئی نماز کو چھوڑ دے یا اس میں نقص پیدا کرے(اقرب)۔تفسیر۔فرمایا یہ لوگ وہ ہیں جو صرف ظاہری نمازیں پڑھتے ہیں ھُمْ کی ضمیر پھیر کر اس طرف اشارہ کیا ہے کہ وہ کبھی کبھی نمازیں چھوڑ بھی دیتے ہیں اَلَّذِیْنَ ھُمْ عَنْ صَلَاتِھِمْ سَاھُوْنَ یعنی وہ نماز سے غفلت نہیں برتتے