تفسیر کبیر (جلد ۱۴)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 13 of 651

تفسیر کبیر (جلد ۱۴) — Page 13

ایک عظیم الشان دولت نہ سمجھتے اور انہیں یہ یقین نہ ہوتا کہ قرآن کریم کا ایک جزو بھی انسان کو دولت مند بنا دیتا ہے تو آپ یہ حکم کبھی نہ دے سکتے تھے اور وہ شخص اس پر عمل بھی کبھی نہ کر سکتا تھا۔(ج)اس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس زمانہ کے مسلمانوں کے لیے قرآن پڑھنا قرآن سمجھنے کے مترادف تھا اور قرآن سمجھنا اس پر عمل کرنے کے مترادف تھا ورنہ قرآن کی چند سورتوں کا یاد ہونا ان کے لیے دولت کس طرح کہلا سکتا تھا۔آج کل مسلمان اوّل تو قرآن پڑھتے ہی نہیں ایک بہت ہی چھوٹی تعداد قرآن پڑھنا جانتی ہے مگر اس چھوٹی تعداد میں سے اور بھی تھوڑے لوگ ہیں جو قرآن کو سمجھتے ہیں اور ان بہت ہی تھوڑے لوگوں میں سے بالکل قلیل گروہ انگلیوں پر گنے جانے کے قابل ایسا ہے جو اس کو سمجھ کر باطن کو جانے دو اس کے ظاہر پر عمل کرتا ہے ان حالات میں ایسے لوگوں کا ادب کون کر سکتا ہے اور ایسی قوم جس کا اپنی مذہبی اور الہامی کتاب کی نسبت یہ رویہ ہے وہ کسی عزت کی مستحق ہی کس طرح ہو سکتی ہے۔بِسْمِ اﷲِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ۰۰۱ (میں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور )بار بار رحم کرنے والا ہے( شروع کرتا ہوں) اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالَهَاۙ۰۰۲ جب زمین کو پوری طرح ہلا دیا جائے گا۔حلّ لُغات۔زُلْزِلَتْ۔زُلْزِلَتْ: زَلْزَلَ سے مونث مجہول کا صیغہ ہے اور زَلْزَلَ اللہُ الْاَرْضَ زَلْزَلَۃً وَزِلْزَالًا وَزَلْزَالًا و زُلْزَالًا کے معنے ہیں اَرْجَفَھَا۔اللہ تعالیٰ نے زمین کو ہلا دیا اور زَلْزَلَ فُلَانًا کے معنے ہیں خَوَّفَہٗ وَحَذَّرَہٗ اسے خوف دلایا اور ڈرایا۔اور زَلْزَلَ الْاِبِلَ کے معنے ہیں سَاقَھَا بِعُنْفٍ اونٹوں کو مار کوٹ کر چلایا اور اَلزَّلاَزِلُ کے معنے اَلشَّدَائِدُ وَالْاَھْوَالُ کے ہیں یعنی سختیاں اور خوف (اقرب) اِذَا جیسا کہ پہلے بھی بتایا جاچکا ہے مستقبل کے معنے رکھتا ہے اور اِذْ کا استعمال بالعموم ماضی پر ہوتا ہے۔تفسیر۔اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ میں زِلْزَالًا مصدر استعمال کرنے کی بجائے زِلْزَالَھَا کہنے کی وجہ عام قاعدہ کے رُو سے یہ آیت یوں ہونی چاہیے تھی اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالًا لیکن یہاں زِلْزَالًا کی بجائے زِلْزَالَھَا کہا گیا ہے۔ایسا کیوں ہوا؟ اس کا جواب یہ ہے کہ اِذَا زُلْزِلَتِ الْاَرْضُ زِلْزَالًا کے تو صرف اتنے معنے