تفسیر کبیر (جلد ۱۳) — Page 210
گئے اور اسی حالت میں کہ تلوار ان کے ہاتھ میں تھی رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پہنچے۔رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا عمر کس ارادہ سے آئے ہو؟ انہوں نے کہا یا رسول اللہ میں تو غلام بننے کے لئے حاضر ہوا ہوں (السیرۃ النبویۃ لابن ہشام ذکر اسلام عمر بن الخطاب)۔قرآن کریم کی اسی معجزانہ تعلیم کی طرف اللہ تعالیٰ اس آیت میں اشارہ فرماتا ہے جس نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر سے اس بوجھ کو کہ میں لوگوں کو منوائوں گا کس طرح بالکل ہلکا کردیا تھا۔وَ رَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَؕ۰۰۵ اور تیرے ذکر کو ہم نے بلند کردیا۔تفسیر۔وَ رَفَعْنَا لَكَ ذِكْرَكَ میں آنحضرت صلعم کے غلبہ کے آثار کی طرف اشارہ تیسری چیز جو ترقی کے لئے ضروری ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ لوگوں کی توجہ اس طرف منعطف ہوجائے۔دراصل دشمن کی توجہ کو کھینچنا سب سے اہم بات ہوتی ہے اور صرف وہی چیز لوگوں کی دشمنی کو کھینچتی ہے جواپنے اندر غلبہ کے آثار رکھتی ہے۔نادان سمجھتے ہیں کہ مخالفت بُری چیز ہے حالانکہ یہ سب سے اچھی چیز ہے۔طبائع میں جوش اسی چیز کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے جس کے متعلق لوگ سمجھتے ہیں کہ اگر ہم نے اس کا مقابلہ نہ کیا تو ہمیں نقصان پہنچائے گی اور ہمارے عقائد اور خیالات کا باطل ہونا ثابت کردے گی۔جب تک یہ احساس لوگوں کے اندر پید انہ ہو اس وقت تک ان کی طرف سے کبھی شدید مخالفت نہیں ہوتی۔جب انبیاء علیہ السلام دعویٰ کرتے ہیں تو سارے ملک میں ان کے خلاف جوش پیدا ہوجاتا ہے کیونکہ وہ سمجھتے ہیں یہ تعلیم جو ان کی طرف سے پیش کی جارہی ہے ایسی ہے کہ ایک دن ضرور غالب آجائے گی۔یہی حال سچے دنیوی علوم کا ہوتا ہے کہ جب کوئی نئی تحقیق لوگوں کے سامنے پیش کی جائے تو لوگ اس کی ضرور مخالفت کرتے ہیں۔کیونکہ ان کے دلوں میں یہ ڈر پیداہوجاتا ہے کہ اگر ہم نے مخالفت نہ کی تو ہمارا نظریہ اس کے مقابلہ میں باطل ہوجائے گا۔گلیلیو نے جب پرانے علم ہیئت کے خلاف دنیا میں یہ اعلان کیا کہ زمین سورج کے گرد چکر لگاتی ہے تو پادریوں نے اس کے خلاف فتوے دے دیئے یہاں تک کہ پوپ نے بھی کہا کہ یہ شخص جان سے ماردینے کے قابل ہے۔کیونکہ بائبل کی تعلیم کے صریح خلاف ایک نیا نظریہ لوگوں کے سامنے پیش کررہا ہے۔آخر اسے اتنا دکھ دیا گیا کہ گلیلیو کو اعلان کرنا پڑا کہ معلوم ہوتا ہے میرے اوپر شیطان سوار تھا جس نے مجھے اس غلط راہ پر ڈال دیا۔بائبل میں تو لکھا ہے کہ سورج زمین کے گرد گھومتا ہے مگر مجھ بیوقوف کو یہ دکھائی دیا کہ زمین سورج کے گر دچکر لگاتی ہے۔میں