تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 530
اِذْھُمْ عَلَیْھَا قُعُوْدٌسے عذاب دینے والوں کے متعلق دو باتوں کا اظہار اِذْھُمْ عَلَیْھَا قُعُوْدٌ سے دو باتیں ظاہر ہوتی ہیں۔اوّل یہ کہ وہ میلہ لگائیں گے۔لوگوں کا اجتماع کریں گے اور سب کی موجودگی میں اُن کو عذاب دیں گے۔دوسرےؔ یہ کہ یہ تعذیب متواتر چلے گی۔کیونکہ کسی چیز پر بیٹھ جانا یہ ایک محاورہ ہے جس کے معنے اس کام کو متواتر کرتے چلے جانے کے ہوتے ہیں۔ہماری زبان میں بھی کہتے ہیں کہ تم تودھرنا مار کر بیٹھ رہے ہو۔مطلب یہ کہ پیچھا ہی نہیں چھوڑتے۔اِسی طرح فرماتا ہے جہاں اِن کی مخالفتیں دیدہ دانستہ ہوں گی اور یہ سمجھتے ہوئے ہوں گی کہ وہ جھوٹ اور فریب سے کام لے رہے ہیں وہاں ان مخالفتوں کا ایک لمبا سلسلہ ہو گا اور متواتر اُن کی طرف سے دُکھ دینے والے واقعات کا اعادہ ہوتا رہے گا۔اِس زمانہ میں ہم احمدیت کے مخالفین کو دیکھتے ہیں تو اُن کی عملی حالت ہمیںیہی نظر آتی ہے۔وہ خوب جانتے ہیں کہ بات اسی طرح ہے جس طرح احمدیت پیش کرتی ہے مگر محض اس لئے کہ جماعت احمدیہ کی طرف سے پیش کی جاتی ہے اس کی مخالفت کرنا وہ ضروری سمجھتے ہیں۔اگر آج ہم کہہ دیتے ہیں کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جو مقام بلند حاصل کیا وہ اپنے زورِ عمل سے حاصل کیا تو تمام غیر احمدی شور مچانا شروع کر دیتے ہیں کہ احمدی رسول کریم صلی اللہ علیہ وآلہٖ وسلم کی ہتک کرتے ہیں حالانکہ اس میں ہتک کی کوئی بات نہیں بلکہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان اور عظمت اِسی عقیدہ سے ظاہر ہوتی ہے۔پہلے مَیں نے سمجھا تھا کہ شاید لوگ ہمارے لٹریچر کو نہیں دیکھتے اور سنی سنائی باتوں کی وجہ سے شور مچا دیتے ہیں۔مگر تھوڑے ہی دن ہوئے ایک دوست نے مجھے ایک اخبار کا کٹنگ بھیجا جس میں میرے خطبہ کا حوالہ درج تھا اور پھر لکھا تھا کہ دیکھو رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ کیسی سخت ہتک ہے کہ کہا جاتا ہے آپؐ نے زورِ عمل سے اپنا مقام حاصل کیا صرف خدا تعالیٰ کی موہبت سے ایسا نہیں ہوا۔گویا بات سمجھ لی مگر پھر بھی مخالفت کرنا ضروری سمجھا تا کہ لوگوں میں ہمارے خلاف جوش اور اشتعال پیدا ہو تو فرماتا ہے وَ هُمْ عَلٰى مَا يَفْعَلُوْنَ بِالْمُؤْمِنِيْنَ شُهُوْدٌ وہ اپنے افعال کے ناروا ہونے پر خود گواہ ہوں گے۔وہ ظلم کر رہے ہوں گے اور جانتے ہوں گے کہ ظلم کر رہے ہیں وہ جھوٹ اور فریب سے کام لے رہے ہوں گےاور اُن کے نفوس جانتے ہوں گےکہ وہ دھوکا اور فریب کر رہے ہیں مگر پھر بھی مخالفت کریں گے۔