تفسیر کبیر (جلد ۱۱)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 102 of 615

تفسیر کبیر (جلد ۱۱) — Page 102

حکم دیا جائے گا اور تمہیں ان مظالم کا مزہ چکھایا جائے گا۔جیسے سویا ہوا آدمی بیدار ہو جاتا ہے اسی طرح مسلمانوں کی اندرونی اصلاح اور اُن کی روحانی تربیت کے بعد ایک دن ہم اُن کو بیدار کر دیں گے اور اُنہیں اجازت دے دیں گے کہ اب کھڑے ہو جائو اور تلوار کا تلوار سے مقابلہ کرو۔اس کی ایسی ہی مثال ہے جیسے سوئے شیر کے جسم پر ایک چُوہا بھی دوڑ سکتا ہے۔مگرجب وہ جاگتا ہے تو ایک مسلّح انسان کے لئے بھی اس کا مقابلہ کرنا مشکل ہوتا ہے۔اللہ تعالیٰ بھی اس سورۃ میں یہی مضمون بیان فرماتا ہے کہ پہلے وہ مسلمانوں کو سُلائے رکھے گا۔کفّار اُن پر ظلم پر ظلم کرتے چلے جائیں گے اور وہ اُن کے مقابلہ میں زبان تک نہیں ہلائیں گے یہاں تک کہ وہ خیال کرنے لگ جائیں گے کہ مسلمان کیا ہیں مٹی کی مُورتیں ہیں انہیں جس طرح چاہو تکلیف دے لو مگر ایک دن ہم اپنے اس سوئے ہوئے شیر کو جگا دیں گے اور جب سویا ہوا شیر اُٹھتا ہے تو اس کا جسم کانپتا ہے اورپھریری لے کر کھڑا ہو جاتا ہے اُس وقت اس شیر کا مقابلہ کرنا کوئی آسان بات نہیںہوتا۔پس اللہ تعالیٰ اس سورۃ میں یہ ـذکر فرماتا ہے کہ ایک دن ایسا ہو گا جب ہمارا یہ شیر ہمارے حکم کے مطابق اُٹھے گا اُس وقت لڑائیوں کا ایک لمبا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ایک کے بعد دوسری۔دوسری کے بعد تیسری اور تیسری کے بعد چوتھی تبدیلی رُونما ہو گی اور اس طرح مسلمانوں کی ترقی کے لئے مادی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی۔گو یہ بھی ایک آئندہ کی ہی خبر ہے مگر جب کسی چیز کی مادی شکل بتا دی جائے تو انسان کو کچھ تسلی ہو جاتی ہے اور وہ سمجھتا ہے کہ اگر ایسا ہو گیا تو بات پوری ہو جائے گی۔پہلے تومنکر خیال کرتا تھا کہ شایدقرآن کریم میں سورۂ نبأ میں یہ دعویٰ کیا ہے کہ فرشتے اُتریں گے اور لوگوں کی گردنیں مروڑ کر انہیں اسلام میں داخل کر دیں گے مگر جب مادی شکل بتا دی گئی تو انسانی نفس جو مادیات کی طرف زیادہ راغب ہوتا ہے اس کے لئے تسلّی پانے کے زیادہ قریبی دلائل پیدا ہو گئے اور اُس کے اطمینان کی مزید صورت پیدا ہو گئی۔بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ۰۰۱ (میں) اللہ کا نام لے کر جو بے حد کرم کرنے والا (اور) بار بار رحم کرنے والا ہے (پڑھتا ہوں) وَ النّٰزِعٰتِ غَرْقًاۙ۰۰۲ (مجھے ) قسم ہے ان( ہستیوں) کی جو کھینچتی ہیں پوری طرح۔حل لغات۔نَازِعَات نَازِعَات نَازِعَۃٌ سے جمع کا صیغہ ہے جو نَزَعَ سے اسم فاعل مونث کا صیغہ