تفسیر کبیر (جلد ۱۰) — Page 341
کارونامالکؓ کوعجیب معلوم ہوااوروہ حیرت سے حضرت عمرؓ کودیکھنے لگے اورکہنے لگے۔عمرؓ! یہ خوشی کاموقعہ ہے یارونے کا۔اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو فتح دی ہے ہمیں توخوشی منانی چاہیے۔حضرت عمر ؓ نے سراٹھاکر ان کی طرف دیکھا اورکہا مالکؓ! شاید تمہیں معلوم نہیں کہ بعد میں جنگ کانقشہ بدل گیا۔دشمن نے پہاڑی کے پیچھے سے آکر دوبارہ حملہ کردیااوراچانک حملہ کی تاب نہ لاکر اسلامی لشکر بکھرگیااور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم شہید ہوگئے۔اس وقت مالکؓ کے ہاتھ میں آخری کھجور تھی۔انہوں نے کھجوراٹھاکرزمین پرپھینک دی اورکہا میرے اور میرے محبوب کے درمیان سوائے اس کھجور کے اَورکیاحائل ہے۔پھر حضرت عمرؓ کودیکھا اورکہاجوکچھ تم کہتے ہو اگر وہ سچ ہے توپھر بھی رونے کا موقعہ نہیں ہمیں بھی ادھر جانے کی تیار ی کرنی چاہیے جدھر ہمارا محبوب گیا ہے۔یہ کہہ کر تلوار میان سے نکال لی اور دشمن کے جم غفیر پرجاپڑے اکیلا آدمی سینکڑوں آدمیوں کاکیامقابلہ کرسکتاہے۔تھوڑی ہی دیر میں ٹکڑے ٹکڑ ے ہوکر ان کاجسم زمین پربکھر گیا۔اورجب خدا تعالیٰ نے پھرمسلمانوں کوغلبہ دیا اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا مالک بن انسؓ کو تلاش کرو۔وہ کہاں ہیں تولوگوں نے آکر خبردی کہ ان کا تو کہیں پتہ نہیں لگتا آپؐ نے پھر ان کی تلاش کاحکم دیا۔اتنے میں ان کی بہن مدینہ سے یہ وحشتناک خبر سن کر کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم شہید ہوگئے ہیں دوڑتی ہوئی میدان جنگ میں پہنچی اورآخر ایک جگہ پراس نے ایک لاش کے ٹکڑے دیکھے۔جن ٹکڑوں میں سے ایک انگلی کے ذریعہ اس نے پہچان لیا کہ یہ میرے بھائی مالکؓ کی نعش ہے اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کو خبردی۔مفسرین کہتے ہیں کہ قرآن کریم کی یہ آیت کہ مِنْھُمْ مَّنْ قَضٰی نَحْبَہٗ وَمِنْھُمْ مَّنْ یَّنْتَظِرُ انہی کے متعلق تھی۔میں وجوہِ تنزیل کا اتنا قائل نہیں لیکن مالک بن انسؓ کاواقعہ تاریخوں اورحدیثوں میں اتنے تکرار سے آیا ہے اورقرآنی الفاظ اتنے واضح ہیں کہ ماننا پڑتا ہے کہ اورکہیں ہو یانہ ہو اس جگہ وجہِ تنزیل صحیح ہے۔پس جس طرح بعض کفار آخر تک سمجھتے چلے جاتے ہیں کہ ہم عذاب سے بچ رہیں گے اورہمارے کام اچھے ہیں لیکن جب سزا آتی ہے توپھر انہیں پتہ لگتاہے کہ ان کے اعمال بر ے ہیں۔اسی طرح بعض مومن سمجھتے ہیں کہ ہم سچے ہیں اورواقعات ثابت کردیتے ہیں کہ ان کاخیال ٹھیک ہے جیساکہ میں نے اوپر ایک واقعہ بیان کیاہے چنانچہ ایسے ہی لوگوں کی طرف اگلی آیت میں اشارہ کیاگیا ہے۔