تفسیر کبیر (جلد ۱۰)

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 249 of 553

تفسیر کبیر (جلد ۱۰) — Page 249

’’میں ان کے لئے ان ہی کے بھائیوں میں سے تیری مانند ایک نبی برپاکروں گا۔‘‘ اوریہ ظاہر ہے کہ وہ موسیٰ ؑ کی مانند نبی اس وقت تک نہیں کہلاسکتا جب تک وہ موسیٰ ؑ کی طرح صاحبِ شریعت نہ ہو۔اوراس کے واقعات زندگی بھی موسیٰ ؑ سے نہ ملتے ہوں۔تیسری بات یہ بتائی گئی تھی کہ خدا تعالیٰ اپنا کلام اس کے منہ میں ڈالے گا۔یعنی اس کاالہام لفظی ہوگا۔یہ نہیں کہ خدا تعالیٰ کے حکم کو وہ اپنے الفاظ میں بیان کردے۔چوتھی بات یہ بتائی گئی تھی کہ ’’جوکچھ میںاسے فرمائوں گا وہ سب ان سے کہے گا۔‘‘ یعنی باوجود اس کے کہ اس کی شدید مخالفت ہوگی اورخدا تعالیٰ کاپیغام پہنچانے پراُسے ہرقسم کے خطرات لاحق ہوںگے پھر بھی وہ ایک نڈر اور بہادر انسان کی طرح خدا تعالیٰ کا پیغام لوگوںکو پہنچاتاچلاجائے گا۔اوراس راستہ میں کسی خطرہ کی پرواہ نہیں کرے گا۔پانچویں بات یہ بتائی گئی تھی کہ اس پیشگوئی کاموعود نبی اپنی تعلیم کو خدا تعالیٰ کانام لے کر دنیا کے سامنے پیش کرے گا۔جس میں اس طرف بھی اشارہ تھا کہ اس کا کلام شرک کی کامل طور پر تردید کرنے والا ہوگا۔چھٹی بات یہ بتائی گئی تھی کہ جو لوگ اس کی تعلیم کاانکار کریں گے وہ خدا تعالیٰ کے عذاب کامورد بنیں گے۔ساتویں بات اس میں یہ بتائی گئی تھی کہ اگر کوئی شخص افتراء کے طورپر اس پیشگوئی کااپنے آپ کو مصداق قرار دے گا۔تووہ قتل کردیاجائے گا۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ بائیبل کے اردوتراجم میں اس جگہ یہ الفاظ ہیں کہ ’’وہ نبی قتل کیاجائے ‘‘مگریہ ترجمہ صحیح نہیں۔انگریزی بائیبل میں اس جگہ یہ الفاظ ہیں کہ He shall die یعنی وہ ہلاک ہوگا۔نہ یہ کہ وہ قتل کیاجائے۔جیساکہ اردوبائیبل میں ہے۔پیشگوئی کے ان تمام پہلوئوں پرغورکرنے سے صاف معلوم ہوتاہے کہ اس پیشگوئی کا محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سوااَورکوئی شخص مصداق نہیں ہوسکتا۔کیونکہ (۱)محمدرسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی وہ مقدس موعود ہیں جو بنواسحاق کے بھائیوںیعنی بنواسمٰعیل میں پیداہوئے۔(۲) محمد رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہی وہ مقدس موعود ہیں جنہوں نے موسیٰ ؑ کی مانند ہونے کادعویٰ کیا اورجن کے متعلق خداوند تعالیٰ نے کہا کہ اِنَّااَرْسَلْنَآ اِلَیْکُمْ رَسُوْلًا شَاھِدًا عَلَیْکُمْ کَمَااَرْسَلْنَآ اِلیٰ فِرْعَوْنَ رَسُوْلًا۔(المزمل :۱۶) یعنی ہم نے تمہاری طرف تم میں سے ہی ایک مقدس انسان کو اسی طرح رسول بنا کرکھڑاکیا ہے جس طرح فرعون کی