تفسیر کبیر (جلد ۱۰) — Page 143
اگرچاہیں تووہ زندہ رہ سکتی ہیں۔لیکن وہ زندگی کے اصول کو فراموش کرکے ہلاکت کے سامان پیداکرلیتی ہیں۔اللہ تعالیٰ نے رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے ذریعے مسلمانوںکو ایسی تعلیم دی تھی کہ اگر وہ اس پر عمل کرتے توہمیشہ زند ہ رہتے لیکن قوم نے عمل کرناچھوڑ دیا اوروہ مرگئی۔دنیا بار بار یہ سوال کرتی ہے اور میرے سامنے بھی یہ سوال کئی دفعہ پیش ہواہے کہ باوجود اس کے کہ خدا تعالیٰ نے صحابہؓ کو ایسی اعلیٰ در جہ کی تعلیم دی تھی جس میں ہرقسم کی سوشل تکالیف اورمشکلات کاعلاج تھا۔اورپھر رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر عمل کرکے بھی دکھادیا۔وہ تعلیم کہاں گئی؟ اور۳۳سال میں ہی وہ کیوں ختم ہوگئی ؟ عیسائیوں کے پاس مسلمانوں سے کم درجہ کی خلافت تھی۔لیکن ان میں اب تک پوپ چلا آرہاہے۔لیکن مسلمانوں نے تینتیس سال کے عرصہ میں ہی خلافت کو ختم کردیا۔اس میں کوئی شبہ نہیں کہ عیسائیوں میں پو پ کے باغی بھی ہیں لیکن اس کے باوجود ان کی اکثریت ایسی ہے جو پوپ کومانتی ہے اور انہوں نے اس نظام سے فائدے بھی اٹھائے ہیں۔لیکن مسلمانوںمیں ۳۳سال تک خلافت رہی اورپھر ختم ہوگئی۔اس کی وجہ یہی تھی کہ مسلمانوں کی ذہنیت خراب ہوگئی۔اگر ان کی ذہنیت درست رہتی توکوئی وجہ نہیں تھی کہ یہ نعمت ان کے ہاتھ سے چھینی جاتی۔مجھے یہ حقیقت ایک دفعہ رؤیا (یہ رؤیا ۲۴،۲۵ ؍اکتوبر ۱۹۵۳ء کی درمیانی شب کا ہے۔منہ) میں بھی بتائی گئی تھی۔میں نے دیکھا کہ پنسل کے لکھے ہوئے کچھ نوٹ ہیں جو کسی مصنّف یامؤرخ کے ہیں اور انگریزی میں لکھے ہوئے ہیں۔پینسل بھی COPYINGیاBLUE رنگ کی ہے۔نوٹ صاف طور پرنہیں پڑھے جاتے لیکن جوکچھ پڑھاجاتاہے اس سے معلوم ہوتاہے کہ ان نوٹوں میں یہ بحث کی گئی ہے کہ رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد مسلمان اتنی جلدی کیوں خراب ہوگئے۔باوجود اس کے کہ خدا تعالیٰ کے عظیم الشان احسانات ان پر تھے۔اعلیٰ درجہ کاتمدن اوربہترین اقتصادی تعلیم انہیں دی گئی تھی اور رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر عمل کرکے بھی دکھادیاتھا۔مگرپھر بھی وہ گرگئے اوران کی حالت خراب ہوگئی۔یہ نوٹ انگریزی میں لکھے ہوئے ہیں۔لیکن عجیب بات یہ ہے کہ جو انگریزی لکھی ہوئی تھی وہ بائیں طرف سے دائیں طرف کونہیں لکھی ہوئی تھی۔بلکہ دائیں طرف سے بائیں طرف کولکھی ہوئی تھی لیکن پھر بھی میں اسے پڑھ رہاتھا۔اوراس میں سے ایک فقرہ کے الفاظ قریباً یہ تھے کہ THERE WERE TWO REASONS FOR IT۔THEIR TEMPERAMENT BECOMING MORBID AND ANARCHICAL یعنی وہ خرابی جو مسلمانوں میں پیداہوئی ہے اس کی وجہ یہ تھی کہ مسلمانوں کی طبائع میں دو قسم کے نقائص پیداہوگئے تھے۔ایک یہ کہ وہ ماربڈMORBID ہوگئے تھے یعنی اَن نیچرل UN-NATURAL اورناخوشگوار