حقائق الفرقان (جلد ۴)

by Hazrat Hakeem Noor-ud-Deen

Page 530 of 653

حقائق الفرقان (جلد ۴) — Page 530

حضرت عائشہ رضی اﷲ عنہا سے روایت ہے کہ اس سورۃ شریف کے نزول کے بعد آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم رکوع و سجود میں یہ دعا بہت پڑھتے تھے۔سُبْحَانَ اﷲِ وَ بِحَمْدِہٖ۔اَسْتَغْفبرُ اﷲَ رَبِّیْ مِنْ کُلِّ ذَنْبٍ وَ اتُوْبُ اِلَیْہِ۔اور ایک روایت میں یہ بھی آیا ہے۔کہ اس کے بعد آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم اُٹھتے بیٹھتے، آتے جاتے، ہر وقت سُبْحَانَ اﷲِ وَ بِحَمْدِہٖ کہتے اور فرماتے کہ مجھے ایسا کہنے کے واسطے حکم دیا گیا ہے۔اور اس سورۃ کو پڑھتے۔غرض بہت سی روایات سے یہ امر ظاہر ہے کہ اس سورہ شریف کے نزول کے بعد آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے اور آپؐ کے بعض احباب نے اس بات کو بخوبی سمجھ لیا تھا کہ چونکہ تبلیغ کا کام اپنے کمال کو پہنچ چکا ہے۔اور فتح و نصرت کا وقت آ گیا ہے۔اور اب قومیں فوج در فوج داخل ہونے والی ہیں۔تو اب وہ وقت آ گیا ہے کہ آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم اس جہان فانی کو چھوڑ کر واصل باﷲ ہو جاویں۔اَفْوَاجَ : جس سال یہ سورۃ نازل ہوئی۔اس سال بہت سی قومیں فوج در فوج اسلام میں داخل ہوئی۔کیونکہ مکّہ فتح ہو گیا تھا اور کفّار کے سر غنہ سب ہلاک ہو چکے تھے۔اور کوئی روکاوٹ اب باقی نہ رہی تھی اور اسلام کی سچی اور راحت بخش تعلیم نے لوگوں کے دلوں میں گھر کر لیا ہوا تھا۔صرف چند شریر لوگوں کی شرارت کا خوف درمیان میں تھا۔کیونکہ وہ زمانہ امن کا نہ تھا۔اور ہر ایک کو اپنی جان اور مال کا خطرہ رہتا تھا۔بالخصوص غرباء امراء کے بہت ہی زیرِ اثر تھے۔اور ان سے خوف کھاتے تھے۔جب بڑے برے کفّار ہلاک ہو گئے اور ان کے زور اور طاقت کی چاردیواری خاک میں مِل گئی۔تو لوگوں کے دل سیلاب کی طرح اسلام کی طرف جُھکے اور قبائل کے قبائل یک دفعہ اسلام میں داخل ہو گئے۔چنانچہ بنی اسد اور بنی حرّہ اور بنی الکنانہ اور بنی ہلا اور بلخاء اور نجب اور دارم اور دوسرے قبائل تمیم اور قبائل عبدالقیس اور بنی طي۔اور و شام و عراق وغیرہ کے اطراف و اکناف سے لوگ آنحصرت صلی اﷲ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہو کر مشرف باسلام ہوئے اور بہت جلد تمام جزیرہ نمائے عرب اسلام میں داخل ہو گیا۔اور جملہ قبائل عرب میں کوئی شخص ایس باقی نہ رہا۔جس نے اظہار اسلام نہ کیا ہو۔اہل یمن۔ایک روایت میں ہے کہ اس سورہ شریف میں النّاس سے مراد اہلِ یمن ہیں۔حضرت ابوہریرہ رضی اﷲ عنہ سے روایت ہے کہ جب یہ سورت نازل ہوئی تو آنحضرت صلی اﷲ علیہ وسلم نے فرمایا۔اَﷲُ اَکْبَرُ جَآئَ نَصْرُ اﷲِ وَ الْفَتْحُ وَجَآئَ اَھْلُ الْیَمَنِ قَوْمٌ رَقِیْقَۃٌ قُلُوْبُھُمْ۔اَلْاِیْمَانُ ۱؎ یَمَانٍ ۱؎ ضمیمہ اخبار بدر قادیان ۲۸؍ نومبر ۱۹۱۲ء