حقائق الفرقان (جلد ۲) — Page 104
۴۵۔ اﷲ تعالیٰ نے اپنے دین کو آسان رکھا ہے۔دین کا مدار تعظیم لامر اﷲ اور شفقت علیٰ خلق اﷲ پر ہے دیکھئے ایک طرف نماز کسی اعلیٰ عبادت ہے کہ تمام مذاہب کی عبادتوں کی جامع ہے دوسری طرف زکوٰۃ۔قرآن مجید میں دونوں کی تاکید ہے۔اس کے علاوہ اور جو عیوب لوگوں میں ہوں۔انکی اصلاح فرماتا ہے۔جوں جوں زمانہ پیچھے جاتا ہے۔نبوّت کے ثبوت بڑھتے جاتے ہیں۔آدم کے وقت میں اگر کوئی مسئلہ الہام و نبوّت پر اڑ بیٹھتا تو جواب دینا مشکل تھا لیکن ہمارے زمانے میں کوئی مشکل نہیں۔انبیاء، اولیاء ملہمَین گزر چکے ہیں۔امم کا مشترک تعامل موجود ہے۔پھر سب سے زیادہ سہولت یہ ہے کہ تمام دنیا کے مذاہب کے دلائل۔حالات۔اخلاق۔کارنامے ہم کو میسّر آ سکتے ہیں۔ژندوستا ملتے نہ تھے۔اب چند پیسوں پر ملتے ہیں۔لویدوں کیلئے ایک زمانہ تو وہ تھا کہ احمد بیرونی، ایک شخص انجمن تحقیقِ مذاہب کا ممبر ۴۰ سال ہند میں رہا۔وہ ہندؤوں کے حالات کے سلسلہ میں لکھتا ہے کہ انکی ایک اور کتاب ہے جس کو یہ لوگ زبانی بعض مقامات سے پڑھتے ہیں اور مَیں نے اسے دیکھا نہیں دیکھئے یا تو وہ زمانہ کہ ۴۰ سال ایک شخص محض اسی تحقیق کیلئے رہتا ہے اور سنسکرت کی تحصیل میں ایسی سرگرمی دکھلاتا ہے کہ وہ اسکی مادری زبان کی طرح ہو گئی۔مگر وید دیکھنے نصیب نہیں۔یا اب یہ زمانہ کہ چاروں وید۲۲ روپیہ پر ملتے ہیں۔یہی حال بائیبل کا ہے کہ ایک روپیہ تک مل سکتی ہے۔پس تحقیق کیلئے بہت آسانیاں ہیں۔اﷲ تعالیٰ تورات والوں کو متنبّہ کرتا ہے کہ تم تورات ہی کو غور سے پڑھو ہم نے اسی میں ھُدًی نازل کی یعنی اس عہد نامہ کے رسول کی طرف راہنمائی کی چنانچہ بتا دیا کہ موسٰی کا مثیل آئے گا اور وہ بُت پرستی کا دشمن ہو گا۔اس سے خلاف کرو گے تو تم سے حساب لیا جائے گا۔