حقائق الفرقان۔۲۰۲۴ء ایڈیشن (جلد ۵) — Page 253
حقائق الفرقان ۲۵۳ سُوْرَةُ الْحَدِيدِ سُوْرَةُ الْحَدِيدِ مَدَنِيَّةٌ بِسْمِ اللهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ - ہم سورۂ حدید کو پڑھنا شروع کرتے ہیں اس اللہ کے نام سے جس نے پہلے حدید کو پیدا کیا پھر اس کے نتائج دکھلائے۔٢ - سَبَّحَ لِلَّهِ مَا فِي السَّمَوتِ وَالْأَرْضِ وَهُوَ الْعَزِيزُ الْحَكِيمُ - ترجمہ۔اللہ کی پاکی بیان کرتا ہے جو کچھ آسمان اور زمین میں ہے اور اللہ ہی عزیز اور حکیم ہے۔تفسیر۔سبح لِلہ۔عرب میں ستاروں کی پرستش ہوتی تھی۔مٹادی۔خانہ کعبہ میں بت تھے۔توڑ ڈالے گئے یہ سب تسبیح میں داخل ہے۔تشخیذ الا ذبان جلد ۸ نمبر ۹۔ماہ ستمبر ۱۹۱۳ء صفحه ۴۸۳) جو چیز نئی دنیا میں آتی ہے۔کیسی پاکیزگی اپنے ساتھ لاتی ہے۔جب یہ پتے گرے تھے کیسی خراب شکل تھی (جس درخت کے نیچے کھڑے ہو کر درس فرمارہے تھے۔اس کی طرف اشارہ کر کے فرمایا تھا) جب نئے پتے نکلتے ہیں۔کیسے بھلے معلوم ہوتے ہیں۔اروڑیوں پر کیسا گند ہوتا ہے مگر وہاں بھی جو پتہ نکلتا ہے۔کیسا صاف ہوتا ہے۔جب بارش کا پانی برستا ہے کیسا صاف ہوتا ہے۔ماں کے پیٹ سے جو بچہ پیدا ہوتا ہے۔کیسا مصفی اور بے عیب ہوتا ہے۔نہ مشرک ہوتا ہے۔نہ بے ایمان ہوتا ہے۔بھینسوں اور کتیوں کے چھوٹے بچوں میں جو خوبصورتی پائی جاتی ہے وہ بڑوں میں نہیں پائی جاتی۔اگر یہ آنکھیں نہ ہوں۔کیسی دقت ہو۔کان سے کیسی باتیں سنتے ہیں۔زبان سے کیسی پاک باتیں نکلتی ہیں۔خدا کے یہاں سے سب چیزیں پاک آتی ہیں۔سَبَحَ لِلہ ہر چیز اللہ کی پاکیزگی بیان کر رہی ہے۔میرے پاس کوئی ایسا چا تو نہیں جس سے میں اپنا دل چیر کر تمہیں دکھلا سکوں کہ مجھے قرآن سے کس قدر محبت اور پیار ہے۔قرآن کا ایک ایک حرف کیسا عمدہ اور پیارا لگتا ہے۔مجھے قرآن کے ذریعہ سے بڑی بڑی فرحتوں کے مقام پر پہنچایا جاتا ہے۔دنیا میں جتنی حکمتیں بنی ہوئی ہیں۔سب اسی حکیم کی بنائی ہوئی ہیں۔( بدر - کلام امیر جلد ۱۳ نمبر ۱۱،۱۰ مورخه ۱۵ رمئی ۱۹۱۳ ، صفحہ ۲۷)