قسمت کے ثمار

by Other Authors

Page 253 of 365

قسمت کے ثمار — Page 253

ارتداد کی سزا آج کل عالمی پریس میں افغانستان کی ایک خبر نمایاں جگہ پارہی ہے۔اس خبر سے اسلام کی حسین تعلیم بڑی بھیانک اور خوفناک نظر آنے لگتی ہے۔آئیے پہلے اس خبر پر نظر ڈالیں۔اخبار ٹائمز لندن کے نامہ نگار مقیم کا بل Tim Albone لکھتے ہیں: ’41 سالہ افغانی عبدالرحمن 25 سال پہلے ایک مسلمان تھا۔پھر اس نے ایک بین الاقوامی عیسائی تنظیم کے ساتھ پشاور میں اپنے ہم قوم لوگوں کی مدد کا کام شروع کیا اور جلد ہی عیسائیت اختیار کر لی۔چودہ سال پہلے کا یہ فیصلہ اسے بہت مہنگا پڑ سکتا ہے کیونکہ عیسائی ہونے کے بعد اس نے چار سال پاکستان میں گزارے اور نو سال جرمنی میں رہا۔2002 ء میں وہ واپس افغانستان گیا تا کہ اپنی دو بیٹیوں بعمر تیرہ اور چودہ سال کو اپنے ہمراہ لے جا سکے۔اس کی بیٹیاں اس کی غیر حاضری میں اپنے دادا کے پاس رہتی تھیں جس نے نوجوان لڑکیوں کو باپ کے ساتھ بھیجنے سے انکار کر دیا۔۔۔۔معاملہ پولیس تک پہنچا اور لڑکیوں کے باپ کو ارتداد کے جرم میں قید کر لیا گیا۔اب وہ کابل کے مرکزی قید خانہ میں مقید اپنے مقدمہ کے فیصلہ کا انتظار کر رہا ہے جس کو نئے آئین کے تحت موت کی سزا بھی ہو سکتی ہے۔253