قندیل صداقت — Page 281
مصنفین کتب کا سوانحی خاکہ 1- علامہ طبری علامہ ابو جعفر محمد بن جریر بن یزید الطبری (224 - 310ھ) کا آبائی وطن طبرستان تھا۔بارہ سال کی عمر میں طلب علم کے شوق سے گھر سے نکلے اور مختلف دیار ، مصر ، شام، عراق میں اپنے شوق کی پیاس بجھاتے رہے اور بالآخر بغداد کے ہو کر رہ گئے۔آپ ایک بلند پایہ تاریخ دان، محدث و مفسر ، فقیہ اور مجتہد تھے۔آپ کی تصانیف میں جامع البيان في تفسير القرآن تاريخ الامم الملوك ، كتاب القراءت ، كتاب العدد والتنزيل ، احکام شرائع الاسلام اور الـتـبـصـر في اصول الدین ، اہل علم و فن میں سند مانی جاتی ہیں۔2 حضرت امام احمد بن حنبل حضرت امام احمد بن محمد بن حنبل بن ہلال بن اسد بن ادریس بن عبد اللہ حیان بن عبد اللہ بن انس البغدادی ابو عبد اللہ 780ء میں پیدا ہوئے اور 855ء میں آپ نے وفات پائی۔آپ کا آبائی وطن بغداد تھا۔وہیں آپ نے ابتدائی تعلیم حاصل کی اور بزرگوں سے حدیث سنی۔پھر کوفہ، بصرہ، مکہ مدینہ ، یمن ، شام اور جزیرہ کا سفر اختیار کیا۔آپ حدیث اور فقہ میں بڑا مقام رکھتے تھے اور حنبلی مسلک کے امام تھے۔آپ کی مشہور تصانیف المسند احمد بن حنبل ، کتاب الزهد ، المعرفة والتعليــل والجرح والتعدیل ہیں۔3- امام محمد بن علی ترمذی امام محمد بن علی بن بشیر الحکیم ابو عبد اللہ تیسری صدی ہجری کے آغاز میں پیدا ہوئے۔اپنے آبائی وطن ترمذ کی مناسبت سے آپ کو ترمذی کہا گیا ہے۔حدیث کے لئے آپ نے عراق خراسان کا سفر کیا۔پھر نیشاپور گئے۔آپ حافظ ، صوفی اور محدث تھے۔فقہی ترتیب پر مشتمل جامع ترمذی جو صحاح ستہ میں شامل ہے، کے علاوہ آپ کی مشہور تصانیف ریاضۃ النفس ، نوادر الاصول في معرفة الاخبار الرسول الله صلى الله عليه وسلم ، علل العبودية ، كتاب ختم الأولیاء ہیں۔281