اوڑھنی والیوں کے لئے پُھول

by Hazrat Mirza Bashir-ud-Din Mahmud Ahmad

Page 155 of 452

اوڑھنی والیوں کے لئے پُھول — Page 155

155 اور محنت بھی خاص حالات اور خاص اوقات سے تعلق رکھتی ہے اور بہترین حالات اور واقعات میں سے جو اخلاق اور اعمال کی درستگی کیلئے مناسب اور موزوں ہیں ان میں سے سب سے بڑھ کر بچپن کا زمانہ ہے۔بچپن کے زمانہ میں جس آسانی کے ساتھ ایک بچہ کسی کسب کو سیکھ سکتا ہے اور اس کے لئے محنت اور مشقت کی تکلیف برداشت کر سکتا ہے بڑی عمر میں برداشت نہیں کر سکتا۔بچے کے احساسات اس قسم کے ہوتے ہیں کہ وہ محنت اور مشقت کو بہت کم محسوس کرتا ہے۔وہ اُس خالی پیالے کی طرح ہوتا ہے جس میں ہر ایک چیز ڈالی جاسکتی ہے بچہ ہر ایک کام کے سیکھنے کے لئے تیار ہوتا ہے اس لئے جس امر کی اُس کو مشق کرائی جائے وہ بآسانی کر سکتا ہے۔مجھے اپنے بچپن کا زمانہ یاد آتا ہے اور وہ حالات اور واقعات بالکل میری آنکھوں کے سامنے ہیں کہ سخت سے سخت تپش اور شدید گرمی کے وقت میں باہر نکل جاتا اور تپش اور گرمی بالکل محسوس نہ کرتا بلکہ مجھے خوب یاد ہے کہ میں اپنے نفس میں اپنے اوپر یہ بڑا ظلم سمجھا کرتا تھا جب مجھے والدہ صاحبہ یا دوسرے نگران گرمی میں باہر نکلنے اور کھیلنے سے روکتے تھے۔میں اس گرمی میں باہر نکل جاتا اور کچھ محسوس نہ کرتا۔میں سمجھتا ہوں کہ جو خیالات بچپن میں میرے ذہن میں پیدا ہوتے تھے وہی دوسرے بچوں کے دلوں میں بھی پیدا ہوتے ہوں گے جبکہ انہیں گرمی کے وقت باہر نکلنے سے روکا جاتا ہو گا۔وجہ یہ ہے کہ بچپن میں ایسی باتوں کا احساس نہیں ہوتا۔تو جس قدر محنت اور مشقت کی تکلیف کو ایک بڑا آدمی محسوس کرتا ہے بچہ اُس کو محسوس نہیں کرتا۔خدا تعالیٰ نے اپنی حکمت کے ماتحت اس کے احساسات کو باطل کیا ہوا ہوتا ہے اس لئے اس کو کسی امر کے لئے مشق کرنے میں اتنی دقت محسوس نہیں ہوتی اور جن باتوں کی اُس وقت مشق کرتا ہے اُن کا آئند و زندگی میں بڑا اثر ہوتا ہے لیکن جن کی مشق بچپن میں نہ ہو اُن میں بڑی عمر میں سخت دقت پیش آتی ہے۔تین آدمی مجھے ایسے معلوم ہیں جو نماز میں صحیح طور پر تشہد نہیں بیٹھ سکتے۔اس کی وجہ یہی ہے کہ بچپن میں ان کو صیح طور پر تشہد بیٹھنے کی مشق نہیں کرائی گئی یا کسی نے اُن کو ٹو کا نہیں نا وہ صحیح طور تشہد بیٹھنے کی عادت ڈالتے یا ٹوکنے والوں سے اُن کا اس طرح بیٹھنا پوشیدہ رہا اور اب بڑی عمر میں وہ صیح طور پر نہیں بیٹھ سکتے۔دو نہایت مخلص اور ہماری جماعت میں شامل ہیں اور ایک کا ہماری جماعت سے تعلق نہیں اگر اب وہ چاہیں اور کوشش بھی کریں تو صحیح طور پر تشہد نہیں بیٹھ سکتے۔تو بچپن کا زمانہ ایسا ہوتا ہے کہ بچے کے اس وقت کے حالات کے ماتحت اس سے جس قسم کی مشق کرائیں وہ بآسانی کر سکتا ہے۔