حضرت مرزا غلام احمد قادیانیؑ اپنی تحریروں کی رو سے (جلد اوّل) — Page 54
۵۴ مجھے قرآن وحدیث کا چھوڑنے والا کہنے سے پہلے خود قرآن اور حدیث کو چھوڑ دینا پڑے گا اور پھر بھی وہی چھوڑے گا۔میں قرآن وحدیث کا مصدق و مصداق ہوں میں گمراہ نہیں بلکہ مہدی ہوں۔میں کافر نہیں بلکہ اَنَا اَوَّلُ الْمُؤْمِنِین کا مصداق صحیح ہوں اور یہ جو کچھ میں کہتا ہوں خدا نے مجھ پر ظاہر کیا کہ یہ سچ ہے۔جس کو خدا پر یقین ہے جو قرآن اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حق مانتا ہے اُس کے لئے یہی حجت کافی ہے کہ میرے منہ سے سُن کر خاموش ہو جائے لیکن جو دلیر اور بے باک ہے اس کا کیا علاج؟ خدا خود اس کو سمجھائے گا۔اس لئے میں چاہتا ہوں کہ آپ خدا کے واسطے اس امر پر غور کریں اور اپنے دوستوں کو بھی وصیت کریں کہ وہ میرے معاملہ میں جلدی سے کام نہ لیں۔بلکہ نیک نیتی اور خالی الذہن ہو کر سوچیں۔الحکم مورخہ ۲۴ جنوری ۱۹۰۳ء صفحہ۲۔ملفوظات جلد دوم صفحه ۳۶۶،۳۶۵ ایڈیشن ۲۰۰۳ء) ایک دفعہ کشفی رنگ میں میں نے دیکھا کہ میں نے نئی زمین اور نیا آسمان پیدا کیا۔اور پھر میں نے کہا کہ آؤ اب انسان کو پیدا کریں۔اس پر نادان مولویوں نے شور مچایا کہ دیکھو اب اس شخص نے خدائی کا دعوی کیا حالانکہ اُس کشف سے یہ مطلب تھا کہ خدا میرے ہاتھ پر ایک ایسی تبدیلی پیدا کرے گا کہ گویا آسمان اور زمین نئے ہو جائیں گے اور حقیقی انسان پیدا ہوں گے۔(چشمہ مسیحی۔روحانی خزائن جلد۲۰ صفحه ۳۷۶،۳۷۵ حاشیه) اس زمانہ میں جس طرح خدا تعالیٰ قریب ہو کر ظاہر ہو رہا ہے اور صد ہا امور غیب اپنے بندہ پر کھول رہا ہے اس زمانہ کی گذشتہ زمانوں میں بہت ہی کم مثال ملے گی۔لوگ عنقریب دیکھ لیں گے کہ اس زمانے میں خدا تعالیٰ کا چہرہ ظاہر ہو گا گویا وہ آسمان سے اترے گا۔اس نے بہت مدت تک اپنے تئیں چھپائے رکھا اور انکار کیا گیا اور چپ رہا لیکن وہ اب نہیں چھپائے گا اور دنیا اس کی قدرت کے وہ نمونے دیکھے گی کہ کبھی ان کے باپ دادوں نے نہیں دیکھے تھے یہ اس لئے ہو گا کہ زمین بگڑ گئی اور آسمان و زمین کے پیدا کرنے والے پر لوگوں کا ایمان نہیں رہا۔ہونٹوں پر اس کا ذکر ہے لیکن دل اس سے پھر گئے ہیں اس لئے خدا نے کہا کہ اب میں نیا آسمان اور نئی زمین بناؤں گا۔اس کا مطلب یہی ہے کہ زمین مرگئی۔یعنی زمینی لوگوں کے دل سخت ہو گئے گویا مر گئے کیونکہ خدا کا چہرہ اُن سے چھپ گیا۔اور گذشتہ آسمانی نشان سب بطور قصوں کے ہو گئے۔سوخدا نے ارادہ کیا کہ وہ نئی زمین اور نیا آسمان بناوے۔وہ کیا ہے