لجنہ اماءاللہ عالمگیر کے لئے پیغامِ عمل — Page 297
ضرورت نہ سمجھے۔جوں جوں انسان اپنے علم اور معرفت میں ترقی کرے گا اسے معلوم ہو جاوے گا کہ ابھی بہت سی باتیں حل طلب باقی ہیں۔“ ( تفسیر حضرت مسیح موعود علیہ السلام۔جلد پنجم صفحہ 293) حضرت خلیفة المسیح الثانی المصلح الموعود رضی اللہ عنہ کا جماعت کی عورتوں پر یہ احسان ہے کہ احمدی عورت کے لئے ایک ایسی تنظیم قائم فرما دی جس میں وہ اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کر سکتی ہے۔اور ان صلاحیتوں ان استعدادوں سے خود بھی فائدہ اٹھا سکتی ہے اور دوسروں کو بھی فائدہ پہنچا سکتی ہے جو اللہ تعالیٰ نے احمدی عورت میں رکھی ہیں۔لجنہ اماءاللہ آسٹریلیا جو دینیات اکیڈمی شروع کر رہی ہے یہ بہت مبارک پروگرام ہے۔زیادہ سے زیادہ ممبرات لجنہ کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے۔حضرت مصلح موعود رضی اللہ عنہ نے ایک موقع پر فرمایا تھا کہ ”اسلام کے ابتدائی ایام دیکھنے سے معلوم ہوتا ہے جس طرح مردوں نے اسلام پھیلایا ہے اسی طرح عورتوں نے بھی اس کام میں حصہ لیا ہے اور جس طرح مردوں نے اسلام سیکھا ہے اسی طرح عورتوں نے بھی سیکھا ہے۔۔۔آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے کہ اگر کوئی میرا دین سیکھنا چاہتا ہے تو آدھا عائشہ سے سیکھے۔“ 297