لجنہ اماءاللہ عالمگیر کے لئے پیغامِ عمل

by Hazrat Mirza Masroor Ahmad

Page 271 of 336

لجنہ اماءاللہ عالمگیر کے لئے پیغامِ عمل — Page 271

آپ کے بعد خلافت احمدیہ کا دائمی سلسلہ شروع ہوا جس کا پانچواں بابرکت دور خدا تعالیٰ کی بھر پور تائیدات سے اس وقت جاری ہے۔آپ خوش قسمت ہیں کہ آپ کو زمانے کے امام کو ماننے کی توفیق ملی اور نظام خلافت سے وابستہ ہو کر اس کی برکات سے فیضیاب ہورہی ہیں۔اس کے شکرانے کے طور پر اس فیض کو آئندہ نسلوں میں منتقل کرناہر احمدی عورت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔آپ نے اعمال صالحہ بجالانے ہیں۔اپنے نیک نمونہ اور نیک نصیحت سے اپنی اولاد کی نیک تربیت کرنی ہے۔ان کا خدا تعالیٰ سے تعلق جوڑنا ہے۔نیز اپنے لئے اور پنی اولاد کے لئے دعائیں کرنی ہیں۔حضرت مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ”اگر تم لوگ چاہتے ہو کہ خیریت سے رہو اور تمہارے گھروں میں امن رہے تو مناسب ہے کہ دعائیں بہت کرو اور اپنے گھروں کو دعاؤں سے پر کرو۔جس گھر میں ہمیشہ دعا ہوتی ہے خدا تعالیٰ اسے برباد نہیں کیا کرتا۔“ (ملفوظات جلد سوم صفحہ 232) اسی طرح آجکل انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا کا غلط استعمال عام ہو رہا ہے جس کے بڑے منفی اثرات ظاہر ہو رہے ہیں مثلاً وقت کا ضیاع، اخلاق کی خرابی اور مذہب سے دوری کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ہر احمدی ماں کا فرض ہے کہ خود بھی اور اپنی اولاد کو بھی نئی ایجادات کی برائیوں سے بچائے اور اپنی دینی اصلاح اور روحانیت میں ترقی کی فکر کرے 271