مذہب کے نام پر خون

by Hazrat Mirza Tahir Ahmad

Page 69 of 330

مذہب کے نام پر خون — Page 69

۶۹ مذہب کے نام پرخون کیا تو لوگوں کو مجبور کر سکتا ہے کہ وہ ایمان لے آئیں۔اور آپ کے منکرین سے متعلق یہی اطلاع دیتا رہا کہ:۔وَلَوْ شَاءَ اللهُ مَا أَشْرَكُوا وَمَا جَعَلْنَكَ عَلَيْهِمْ حَفِيفًا ۚ وَمَا أَنْتَ عَلَيْهِمْ بِوَكِيلٍ (الانعام: ۱۰۸) اگر اللہ تعالیٰ چاہتا تو وہ کبھی شرک نہ کرتے۔اور تجھے ہم نے ان پر داروغہ مقرر نہیں کیا نہ ہی تو ان پر نگران ہے۔مگر مودودی صاحب نے جب اصلاح خلق کا ارادہ کیا تو معا جبر و اکراہ کی ساری قوتیں انہیں سونپی گئیں اور تمام فوجداری اختیارات انہیں ودیعت کئے گئے تاکہ دنیا سے ظلم ،فتنہ وفساد، ناجائز انتفاع اور طغیان کو بزورمٹا ڈالیں۔کس قدر افسوس ہے اور کیسا تعجب ہے کہ فتنہ و فساد مٹانے اور خلق خدا کی اصلاح کرنے کا یہ طریق تمام انبیاء گزشتہ کی نظر سے پوشیدہ رہا اور کسی نے بھی اس انمول راز پر اطلاع نہ پائی یا پھر شائد (نعوذ باللہ ) خدا تعالیٰ ہی سے چوک ہوئی۔ایک لاکھ چوبیس ہزار مرتبہ اس نے اصلاح خلق کا ارادہ کیا اور ایک لاکھ چوبیس ہزار مرتبہ وہ یہ بھول جاتا رہا کہ محض واعظ اور ناصح بن کر کام کرنا فضول ہے ، یہاں تک کہ نبی آخر زماں، سب نبیوں کا سردار بھی آیا اور گزر گیا مگر پھر بھی خدا تعالیٰ کو نصیحت کی بے مائیگی یاد نہ آئی اگر کچھ یاد آیا تو اصلاح خلق کا وہی از لی اور ابدی گر کہ:۔فَذَكِّرُ إِنْ نَفَعَتِ الذِكرى (الاعلى: ١٠) نصیحت کر یقیناً نصیحت فائدہ بخشتی ہے۔اگر مودودی صاحب راستی پر ہی ہیں تو بھی بخدا مجھے اس مودودی سچائی کی کچھ بھی پروا نہیں کیونکہ اصلاح خلق کا وہ راز جو میرے آقا حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کے دل پر نازل نہیں ہوا اگر دس کروڑ مرتبہ بھی کسی مودودی دل پر نازل ہو تو دس کروڑ مرتبہ ہی با نگ دہل میں اس کا انکار کرتا چلا جاؤں گا۔میں تو وہی حربہ اختیار کروں گا جو مصلح اعظم ، حضرت محمد مصطفے صلی اللہ علیہ وسلم کو عطا کیا گیا اور ہر دوسرے حربہ کو پاؤں کی ایک ٹھوکر سے رڈ کروں گا۔