مضامین ناصر — Page 138
۱۳۸ بعثت مامورین کی غرض اور انصار اللہ مورخہ ۲۴٫۲۳ اکتوبر ۱۹۶۱ء کو احمد یہ ہال کراچی میں مجالس انصاراللہ کراچی سابق سندھ، بلوچستان و کراچی کا سالانہ اجتماع منعقد ہوا تھا۔اس موقع پر محترم صاحبزادہ مرزا ناصر احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ مرکزیہ نے اجتماع میں شامل جملہ انصار کے نام جو ایمان افروز پیغام ارسال فرمایا وہ انصار اللہ کے لئے ان کے اہم اور بنیادی فرائض کی یاددہانی کے اعتبار سے خاص اہمیت کا حامل ہے لہذا افادہ عام کی غرض سے پیغام کا مکمل متن ذیل میں شائع کیا جا رہا ہے۔یہ پیغام اجتماع میں مکرم شیخ محبوب عالم صاحب خالد قائد عمومی مجلس مرکز یہ نے پڑھ کر سنایا تھا۔(ادارہ) بِسْمِ اللهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِيمِ نَحْمَدُهُ وَنُصَلِّي عَلَى رَسُولِهِ الْكَرِيمِ احباب کرام! السّلام عليكم ورحمة الله وبركاته مجھے افسوس ہے کہ اس اجتماع میں شریک ہونے کی خواہش اور کوشش کے باوجود میں بعض مجبوریوں کی وجہ سے اس میں شریک نہیں ہو سکا۔کچھ عرصہ سے میری صحت ٹھیک نہیں، پھر بھی میرا ارادہ تھا کہ میں مرکزی مصروفیات کے باوجود اس تقریب میں خود شریک ہوتا۔مگر عین آخری وقت میں حضرت نواب عبداللہ خان صاحب کی وفات اس ارادہ کی تکمیل میں حائل ہو گئی۔میں نے فون پر مکرم چوہدری احمد مختار صاحب سے بھی اس خدشہ کا اظہار کر دیا تھا کہ شاید اس کی وجہ سے میں اس اجتماع میں شریک نہ ہوسکوں۔