مضامین بشیر (جلد 2)

by Hazrat Mirza Bashir Ahmad

Page 578 of 1110

مضامین بشیر (جلد 2) — Page 578

مضامین بشیر ۵۷۸ قادیان میں رمضان المبارک قادیان سے محترمی بھائی عبدالرحمن صاحب قادیانی اطلاع دیتے ہیں کہ رمضان کا چاند ۲۷ /جون کی شام کو بعد نماز مغرب نظر آیا اور ۲۸ جون کو پہلا روزہ ہوا۔رمضان کے ایام میں قادیان میں نماز تراویح کا انتظام اس طرح پر ہے کہ مسجد مبارک میں دو بجے بعد نصف شب حافظ الہ دین صاحب تراویح پڑھاتے ہیں اور مسجد اقصیٰ میں حافظ عبد العزیز صاحب عشاء کی نماز کے بعد تر اویح پڑھاتے ہیں اور مسجد ناصر آباد میں بھی عشاء کی نماز کے بعد قریشی فضل حق صاحب تراویح کی نماز پڑھاتے ہیں۔پہلے روزہ میں مسجد مبارک میں قریباً ایک سو پچاس درویشوں نے نماز تروایح با جماعت ادا کی اور بعض درویش دونوں وقت کی نماز تراویح میں شریک ہونے کی کوشش کرتے ہیں یعنی عشاء کے بعد مسجد اقصیٰ میں اور سحری سے قبل مسجد مبارک میں۔صبح کی نماز کے بعد مولوی محمد شریف صاحب امینی مسجد مبارک میں بخاری کا درس دیتے ہیں۔قرآن شریف کا درس بعد نماز ظہر ہوتا ہے۔پہلے عشرہ میں مولوی محمد حفیظ صاحب درس دے رہے ہیں۔دوسرے عشرہ میں مولوی غلام احمد صاحب ارشد درس دیں گے اور آخری عشرہ میں مولوی محمد شریف صاحب امینی درس دیں گے۔مکرم بھائی عبد الرحمن صاحب قادیانی اپنے اور اپنے اہل وعیال اور قادیان کے جملہ درویشوں کے لئے احباب جماعت سے دعا کی درخواست کرتے ہیں۔( مطبوعہ الفضل ۶ جولائی ۱۹۴۹ء)